• news

گوادر، تربت، پنجگور میں بجلی کا بحران جاری، کوسٹل ہائی وے پر احتجاج

گوادر (صباح نیوز)مکران ڈویژن کے اضلاع گوادر، تربت اور پنجگور میں بجلی کا بحران بدستورجاری ہے، بجلی کے بحران کے خلاف گوادر کے قریب سربندن کے مکینوں نے احتجاجا کوسٹل ہائی وے کو بند کر دیا۔یومیہ 16سے18 گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث ان علاقوں میں پینے کے لیے پانی اور برف کی شدید قلت پیدا ہوگئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مکران ڈویژن میں گذشتہ 11 روز سے بجلی کا شدید بحران جاری ہے، بجلی کی طویل بندش کے باعث مکران میں کاروبار ی زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گئی ، عوام کو سخت پریشانی اورمشکلات کاسامنا کرنا پڑا ،برف کی قیمت 60سے70روپے فی کلو تک پہنچ گئی جس کی وجہ سے مکران کے کئی علاقوں میں برف دستیاب بھی نہیں ۔ادھر بجلی بحران کے خلاف گوادر کے قریب سربندن کے علاقے میں مکینوں نے احتجاجا کوسٹل ہائی وے بند کر دیا ، مظاہرین نے بجلی کے بحران کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے،کوسٹل ہائی وے بند ہونے سے ہائی وے کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، اس موقع پر ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن