دنیابھرمیں کشمیریوں نے یوم شہدامنایا، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ، مظاہرے
سری نگر، مظفر آباد(کے پی آئی+اے پی پی + نیٹ نیوز) پاکستان اورکنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے جمعہ کو یو م شہدائے کشمیر اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا یا کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول تک شہدا کے مشن کو جاری رکھیں گے۔یوم شہدا منانے کی اپیل مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کی تھی۔ مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کو مکمل ہڑتال رہی جبکہ آزاد کشمیر میں بھی شہدا کی یاد میں جلسے جلوس اور مظاہرے ہوئے۔ آزاد کشمیر میں یوم شہیدا کے موقع پر سرکاری تعطیل رہی جبکہ مقبوضہ کشمیر کے کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ سرینگر میں مزار شہدا نقشبند صاحب کی طرف مارچ کو بھارتی فورسز نے طاقت کا استعمال کرکے روک دیا۔جہاں 1931کے شہدا مدفون ہیں۔یوم شہدا کشمیرکے روز مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے مزارشہدا نقشبندصاحب چلوکی کال کے پیش نظر سری نگر میں بھارتی فورسز کی سخت پابندیاں عائد رہی۔علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اورمحمدیاسین ملک الگ الگ مقامات سے مزارشہدا نقشبندصاحب کی جانب جلوسوں کی قیادت کرنی تھی تاہم انہیں نظر بند رکھا گیا۔ یوم شہدا کشمیر کے روز مزاحمتی جماعتوں کی طرف سے مزار شہدا نقشبند صاحب چلو کی کال کے پیش نظر سری نگر میں بھارتی فورسز کی سخت پابندیاں عائد رہی۔ علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک الگ الگ مقامات سے مزار شہدا نقشبند صاحب کی جانب جلوسوں کی قیادت کرنی تھی۔ تاہم انہیں نظر بند رکھا گیا۔ اسلام آباد ضلع میں ایک حملے میں بھا ر تی فوجی افسر سمیت دو اہلکار ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا ۔ عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کی پٹرول پارٹی پر اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار کو فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ایک عام شہری بھی زخمی ہوا ہے۔ حملے کی ذمہ داری عسکری تنظیم لشکر طیبہ نے قبول کر لی ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)کی صدر اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اگر نئی دہلی جموں وکشمیر میں نئی حکومت بنانے کے لئے ہارس ٹریڈنگ کی مرتکب ہوئی تو نئے صلاح الدین اور یاسین ملک جنم لیں گے۔محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز یہاں یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پارٹی رفقا کے ہمراہ مزار شہدا نقشبند صاحب میں حاضری دینے کے بعد اخبار نویسوں کو بتایا نئی دہلی کی مداخلت کے بغیر کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی۔ ہارس ٹریڈنگ کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں غیر ملکی درانداز قرار دے کر شہید کیے گئے دو نوجوانوں کی نعشیں قبر کشائی کے بعد ان کے ورثا کے سپرد کر دی گئی ہے۔ زاہد رشید بٹ اور نثار احمد بٹ کو کشمیر میں دوبارہ سپردخاک کر دیا گیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے بہیمانہ قتل کے واقعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنا حق خودارادیت مانگنے پر بے رحمی سے تہہ و تیغ کیاجارہا ہے اور پوری عالمی برادری اس پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔نام نہا د اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ کے علاقے ترہگام میں ایک کشمیری طالبعلم خالد غفار ملک کے بے دردی سے قتل کرنے کے خلاف ڈی سی ہندواڑہ کے دفتر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید کی قیادت میں سینکڑوں مظاہرین نے زبردست احتجاج کیا ۔انسانی حقوق کمیشن نے کپواڑہ کے علاقے ترہگام میں بھارتی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ میںایک کشمیری طالب علم کے قتل کانوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کپواڑہ کو اس واقعے کی حائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
کشمیر