ایفی ڈرین کیس : حنیف عباسی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میںلاہور ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ۔ حنیف عباسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے غیر متعلقہ فریق کی درخواست پرحکم دیا، عدالت عالیہ نے درخواستگزار شاہد اورکزئی کے آرٹیکل 203 درخواست دینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ہنگامی نوعیت نہ ہونے کے باعث بھی لاہور ہائیکورٹ نے کیس کو چھٹیوں میں سنا، ٹرائل کورٹ نے کیس میں حتمی دلائل کیلئے اگست کی تاریخ دی، جس پر کسی فریق نے اعتراض نہیں کیا۔حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ نے کیس 16 جولائی کو مقرر کر کے 5 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لے رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ فیصلے سے ان کی انتخابی مہم متاثر ہو گی۔ لیگی رہنما نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ان کی درخواست 16 جولائی کو سماعت کیلئے مقرر کی جائے اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پرحکم امتناعی جاری کیا جائے۔
ایفی ڈرین کیس