پشاور، بنوں کے بعد مستونگ کا سانحہ دل سوز، نگران حکومت فرائض ادا کرے: حمزہ شہباز
لاہور ( پ ر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ ملک فیصلہ کن مرحلے سے گزررہاہے ،پشاور اور بنوں کے بعد مستونگ کا سانحہ انتہائی دل سوز ہے جس پر جتنا بھی دکھ کیا جائے کم ہے ،حمزہ شہباز نے کہا کہ نگران حکومتوں اور اداروں کو اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں اور تمام سیاسی جماعتوں و کارکنوں کی سکیورٹی اور حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جانا چاہیے ،ایسے واقعا ت قومی سانحہ ہیں جن سے ہمیں ڈرایا یا جھکایا نہیں جاسکتا، جمہوریت اور ترقی کے خلاف تمام سازشوں کاڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ عوام کو ورغلانے کی کوششیں ناکام ہونگی اب تخریبی اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کی کوئی بات نہیں سنے گا۔ گذشتہ پانچ برس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی سب کے سامنے ہے ،حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ عوام 25جولائی کو اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کرینگے کہ اصل قیادت میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے پاس ہے۔