• news

قائد کا استقبال جرم نہیں‘ مقدمہ جھوٹا جمہوریت کیخلاف سازش ہے :جاوید ہا شمی

ملتان (محمد نوید شاہ سے) مسلم لیگ ن میں شمولیت کے بعد ایک بار مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف لاہور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت حمزہ شہباز اور مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف لاہور میں ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعہ 7 سمیت دیگر 11 دفعات بھی لگائی گئی ہیں مخدوم جاوید ہاشمی نے اندراج مقدمہ کو جھوٹ اور جمہوریت کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔ واضح رہے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی لاہور آمد کے موقعہ پر لاہور میں ریلی نکالنے پر پولیس تھانہ لوہاری گیٹ نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مدعی مقدمہ خود ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ بنا ہے۔ جس میں اس نے سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف مخدوم جاوید ہاشمی سمیت دیگر 19 رہنماؤں کو مرکزی ملزم قرار دیا ہے۔ ایف آئی آر میں پولیس پارٹی پر حملہ کرنے‘ اس پر پتھراؤ کرنے اور کنٹینر کو ہٹانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے مقدمہ کی خصوصی طور پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعہ 7 کا بھی اضافہ کیا گیا ہے یوں مخدوم جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ ن میں آمد کے ساتھ ہی ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم مدوم جاوید ہاشمی نے حوصلہ مندی سے اس مقدمہ کے سامنا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقدمات ‘ جیلیں اور قید کبھی بھی جمہوری سفر کو نہیں روک سکتے ہیں پہلے بھی لاہور ہی میں قید کاٹ چکا ہوں اور قید سے خوفزدہ نہیں ہوں۔ تاہم یہ پرچہ غلط درج کیا گیا ہے جمہوریت میں ایسی کوئی مثال پہلے دیکھنے میں نہیں ملتی ہے اپنے قائد کا استقبال کرنا کوئی جرم نہیں ہے عوام نے ایک پتہ تک نہیں توڑا مگر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن