• news

امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کا عزم کمزور نہیں کرسکتیں: حسن عسکری

لاہور (پ ر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ مستونگ اور بنوں میں ہونے والے دھماکے ملک دشمن عناصر کی سازش ہیں اور اس طرح کے بزدلانہ دھماکے کرا کر دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اتحاد کی قوت سے امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ مستونگ اور بنوں کے دھماکوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ دھماکے پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش ہے۔ پنجاب حکومت غم کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اور غم کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر دنیا میں تاریخ رقم کی ہے اور ان عظیم قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔ حسن عسکری نے بلوچستان کے علاقے مستونگ اور خیبر پی کے کے علاقے بنوں میںدہشت گردی کے اندوہناک واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے کل 15جولائی کو پنجاب میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ یوم سوگ پر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کے زخمیوں کیلئے علاج معالجے کیلئے پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی سہولتیں مہیا کی جائیںگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں کا غم باٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرتے رہیںگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اوردکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن