شہباز شریف نے بھائی کو ’’نواز تیرے جانثار سب فرار‘‘ کا پیغام دیا: ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور انکی صاحبزادی ابوظبہی سے آکر اڈیالہ پہنچ گئے۔ شہبازشریف چیئرنگ کراس پر بھنگڑوں سے لطف اندوز ہوتے رہے، شہباز شریف نے کل بڑے بھائی کو ’’نواز تیرے جانثار، سب فرار، سب فرار‘‘ کا پیغام دیا، ایون فیلڈ کے بعد العزیزیہ اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز میں بھی شریفوں کا مزید گھناؤنا چہرہ سامنے آنے کو ہے۔ شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی پریس کانفرنس کل لاہور میں پیش آنے والی خفت مٹانے کی کوشش ہے، قوم خصوصاً اہل لاہور نے کل ’’چوروں‘‘ کی حمایت میں رچائے گئے تماشے سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا۔ شہبازشریف دھونس، لالچ، ترغیب اور دھمکیوں کے باوجود پوری ملک سے چار ہزار افراد اکٹھے نہیں کرسکے۔