• news

فیصل آباد: طالبہ کو مفلوج کرنے پر معروف آرتھوپیڈک ڈاکٹر رسول چودھری معطل

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم ڈی سی) نے 17دسمبر 2012ء کو غلط آپریشن کرتے ہوئے زرعی یونیورسٹی کی بی ایس سی(آنرز) کی طالبہ کو مفلوج کر دینے پر معروف آرتھوپیڈک ڈاکٹر رسول چوہدری کی رجسٹریشن ایک سال کیلئے معطل کرتے ہوئے انہیں 15لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی ہے اور ایم ایس الائیڈ ہسپتال کو اس فیصلے پر عملدرآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ 17دسمبر 2012ء کو (Cervical Rib) اعضاء کی پسلی کے مرض میں مبتلا زرعی یونیورسٹی کی بی ایس سی(آنرز) کی طالبہ اس وقت 20سالہ مریم سجاد کا آپریشن آرتھوپیڈک ڈاکٹر رسول چوہدری نے غلط طریقے سے کیا تھا جس کے باعث طالبہ ہمیشہ کے لئے معذور ہو کر بستر پر پڑ گئی ہے۔ اس سلسلے میں طالبہ کے والد سجاد انور نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر رسول چوہدری کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب میں درخواست دائر کی جس پر ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب نے پی ایم ڈی سی کو اپنا فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔ ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب کی بناـئی گئی کمیٹی کے ممبر سینئر ڈاکٹر عامر عزیز نے بھی اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ متاثرہ بچی کا آپریشن کرتے ہوئے کیونکہ حرام مغز بھی متاثر ہوا ہے اس لئے اب وہ کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ سجاد انور نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر رسول احمد چوہدری کو ہیلتھ کیئر کمیشن کی طرف سے پوچھا گیا کہ آپ نے بچی کا آپریشن کرتے ہوئے اپنے ساتھ ضابطے کے مطابق نیوروسرجن کیوں نہیں رکھا تو وہ اس کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے جس کی وجہ سے میری بیٹی ساری زندگی کے لئے اپاہج ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر نے آپریشن کرتے ہوئے میری بیٹی کے دو مہرے متاثر کر دیئے اور حرام مغز بھی متاثر کیا جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہمیشہ کے لئے اپاہج ہو چکی ہے۔ انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رسول احمد چوہدری کو ایک سال کی رجسٹریشن منسوخی کی سزا سے ہم مطمئن نہیں، ان کی رجسٹریشن پوری زندگی کے لئے منسوخ کی جانی چاہیے تاکہ وہ آئندہ کسی کی زندگی کے ساتھ نہ کھیل سکیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2010ء میں بھی ڈاکٹر رسول احمد چوہدری نے ایک کیس خراب کیا تھا جس پر 2014ء میں کنزیومر کورٹ نے انہیں دو لاکھ جرمانے کی سزا دی جس پر ڈاکٹر ہائیکورٹ سے سٹے پر ہیں۔ ڈاکٹر رسول احمد چوہدری الائیڈ ہسپتال سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کے فیصلے کے بعد ان کی پنشن روکی جائے گی جبکہ ان کی رجسٹریشن ایک سال کے لئے منسوخ ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن