شناخت چھپانا، جعلی ووٹ ڈالنا جرم، پریذائیڈنگ افسر3ماہ قید، جرمانہ کر سکے گا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے آر ٹی ایس ٹریننگ دینے والوں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ ٹریننگ کے دوران اگر کسی پولنگ سٹاف کے پاس سمارٹ فون نہیں ہے تو اسے مجبو ر نہ کیا جائے اور کسی بھی صورت اس کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے ، الیکشن کمشن کی دی ہوئی ہدایات کے مطابق ٹریننگ کا عمل عزت و احترام کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ اتوار کو ترجمان الیکشن کمشن نے اپنے ایک بیان میں کہا خلاف ورزی کی صورت میںٹرینرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں اس بات کی وضاحت کی جاتی ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک محترم استاد کے حوالے سے اس طرح کی شکایت سامنے آئی ہے، جس کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے ساتھ اٹھایا گیا ہے ، اگر واقعہ میں سچائی ہوئی تو ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائی گی ۔ علاوہ ازیں یورپی یونین انتخابی مبصر مشن (ای او ایم) پاکستان میں انتخابات کے بارے میں 27 جولائی کو ابتدائی رپورٹ جاری کرے گا۔ انتخابی مبصر گروپ 24 جون سے پاکستان میں فعال ہے۔ مبصر مشن کے ارکان پاکستان میں انتخابی عمل کا آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیں گے۔ یورپی یونین مبصر مشن انتخابی عمل کے جائزے کے لئے جامع اور طویل المعیاد حکمت عملی پر کام کرتا ہے جس کے تحت ایل ٹی او کا تقرر انتخابات سے چار پانچ ہفتے قبل کیا جاتا ہے اور انتخابات کے تمام مراحل کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ مبصرین (ایل ٹی اوز) جولائی کے اوائل میں پاکستان پہنچے ہیں۔ مزید برآں الیکشن کمشن نے کہاہے کہ عام انتخابات کے موقع پر حساس پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ ، غیرجانبدارانہ اور بروقت انعقاد کیلئے پرعزم ہے اوراس مقصد کیلئے تمام ترتیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔عام انتخابات کے موقع پرپولنگ سٹیشنوں کے اندر اورباہر 3لاکھ70ہزارفوجیوں کی تعیناتی کی جائے گی ، 17ہزار پولنگ سٹیشنوں کو حساس قراردیاگیاہے جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ دریں اثناءعام انتخابات 2018ءکے لئے سات لاکھ سے زائد پولنگ عملے کی تربیت ہو گئی۔ پریذائیڈنگ افسران و عملے کی تربیت 25جون کو شروع ہوئی تھی۔ الیکشن کمشن نے پولنگ عملے کو پولنگ کے مقررہ وقت سے کم از کم دو گھنٹے پہلے پولنگ سٹیشن ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی طرف سے پولنگ ڈیوٹی عملہ کو پابند بنایا گیا کہ وہ امیدوار کی جانب سے والی معاونت یا کسی قسم کا تحفہ نہ لیں ایسے عمل کو رشوت تصور کیا جائیگا۔ پولنگ عملہ کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ ایسا لباس یا علامت اختیار نہ کریں جس سے کسی جماعت سے وابستگی ظاہر ہوتی ہو۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے انتخابات 2018ءمیں پولنگ کے دن کونسا عمل غیرقانونی ہو گا اس کا تعین کر دیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق اپنی شناخت چھپانا، کسی دوسرے کی جگہ ووٹ ڈالنا سنگین جرم ہو گا، پولنگ کی جگہ پر قبضہ اور عملے سے بیلٹ پیپر یا باکس چھیننا جرم ہو گا، پرامن انتخابی عمل کو متاثر کرنا بھی جرم ہو گا۔ حمایت میں ووٹ ڈالنے کا کہنا یا دوسروں کو ووٹ ڈالنے سے روکنا بھی جرم ہو گا۔ ووٹر کو پولنگ سٹیشن پر ووٹ سے روکنا، ڈرانا یا دھمکانا بھی سنگین جرم ہو گا۔ سرکاری ملازم کی مخصوص امیدوار کو فائدہ پہنچانے کی کوشش بھی جرم تصور ہو گی۔ پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ پریذائیڈنگ افسر جرم کے مرتکب شخص کو سزا سنا کر جیل بھیج سکے گا اور مجرم کو تین ماہ کی قید، دس ہزار جرمانہ یا دونوں سزائیں دے سکے گا۔ پریذائیڈنگ افسر کو مجرم کو فوری جیل بھیجنے کے اختیارات بھی دے دیئے ہیں۔ جرمانہ کی سزا کی عدم ادائیگی پر مجرم کو جیل بھیج دیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے ملک بھر کے ضلعی اور ریجنل الیکشن کمشنرز کے لئے 28کروڑ روپے مالیت کی 142 گاڑیاں خرید لی ہیں ، 2800 سی سی کی ویگو گاڑیاں تقریباً35سال کے بعد فیلڈ سٹاف کےلئے خریدی ہیں،گاڑیاں چاروں صوبوں کے ضلعی اور ریجنل الیکشن کمشنر ز کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات 2018ءکے نتائج بھیجنے سے متعلق طریقہ کار بھی طے کرلیا، پریذائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم45پر نتیجہ مرتب کریں گے اور تمام پولنگ ایجنٹس سے دستخط لینے کے بعدایک کاپی پولنگ سٹیشن کے باہر چسپاں کی جائے گی اور رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے نتائج الیکشن کمشن کو بھجوائے جائیں گے۔ پریذائیڈنگ افسران فارم 46 پر استعمال، بچ جانے والے بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ درج کریگا جس کے بعد پریذائیڈنگ افسران رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے متعلقہ پولنگ سٹیشن کا نتیجہ آر اوز، الیکشن کمشن کو بھجوائیں گے جبکہ پریذائیڈنگ افسران متعلقہ پولنگ سٹیشن کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ پولنگ سٹیشن پر چسپاں کرنے کا پابند ہوگا پریذائیڈنگ افسران فارم 45، بیلٹ پیپرز کے سیل تھیلے،انتخابی مواد ریٹرننگ افسران کو جمع کرانے کے پابند ہونگے پریذائیڈنگ افسران کی غلطی کو بعد میں ریٹرننگ افسر درست کرسکتا ہے الیکشن کمشن کی جانب سے نتائج مرتب کرنے کےلئے ہدایات ملک بھر کے 85 ہزار پریذائیڈنگ افسران کو بھجوائی جائیں گی۔
الیکشن کمشن