ایرانی آرمی چیف وفد کےساتھ5 روزہ طویل دورہ پر پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ایران کے آرمی چیف جنرل 'محمد باقری اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ پانچ روزہ طویل دورہ پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ایران کے سفارتی ذرائع کے مطابق چالیس برس میں کسی ایرانی آرمی چیف کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جو غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ قیام پاکستان کے دوران جنرل محمد باقری بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ دوطرفہ فوجی مذاکرات کریں گے اور باور کیا جاتا ہے کہ دونوں فوجی سربراہان کے درمیان خطہ میں سلامتی کی صورتحال، بالخصوص داعش کے خطرہ، پاک ایران فوجی تعاون، پاک ایران سرحد پر سلامتی کے بندوبست اور افغانستان سمیت متعدد موضوعات پر غیر رسمی گفتگو بھی ہو گی۔ ایرانی آرمی چیف، صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ برس ماہ نومبر میں ایران کا سرکاری دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ہی جنرل باقری کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ ایک اور ذریعہ کے مطابق دونوں فوجی سربراہان اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ دونوں ملکوں کی سرزمین، دشمن عناصر کے ہاتھوں ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ کی جا سکے۔
ایرانی آرمی چیف