• news

نواز شریف کی نماز فجر کے بعد واک، اخبارات کا مطالعہ‘مریم نواز کو معدے میں تکلیف

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + اسرار احمد، نیشن رپورٹ) اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے دی گئی سزائے قید کے بعد قیدی نمبر الاٹ کردیئے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف جو سیل نمبر11 میں قید ہیں انہیں قیدی نمبر3421 جبکہ مریم نواز کو قیدی نمبر3422 الاٹ کئے گئے۔ سابق وزیراعظم اتوار کی صبح نماز فجر اور تلاوت کلام پاک کے بعد اپنی بیرک کے سامنے واک کرتے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے جیل انتظامیہ سے اخبارات طلب کئے جو انہیں فراہم کردیئے گئے۔ اخبارات کے مطالعے کے بعد سابق وزیر اعظم نے اپنی صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ ناشتہ کیا۔ اڈیالہ جیل کے اس حصے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی جہاں نواز شریف اور مریم نواز قید ہیں مریم نواز نے معدے میں تکلیف کی شکایت کی جس پر انہیں ہسپتال کے ڈاکٹرز نے چیک کیا انہوں نے صرف چائے پی اور فروٹ کھایا۔ سابق وزیر مملکت کے ڈاکٹرطارق فضل چوہدری گزشتہ روز ساڑھے بارہ بجے اڈیالہ جیل پہنچے لیکن جیل انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر سے انہیں ملاقات کی اجازت نہ دی جیل انتظامیہ نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کہا کہ کل سوموار کو ملاقاتوں کا شیڈول بنے گا جس کے بعد آپ کو بھی ملاقات کی اجازت ہوگی ڈاکٹر طارق فضل نے کہا یہ جیل ہے کوئی بینک نہیں کہ بند ہے چھٹی والے دن ملاقات ہونی چاہئے ہمیں بتایا جائے ایسا رویہ کیوں رکھا جا رہا ہے ہمیں اپنے قائد نواز شریف کی طبیعت کے بارے میں بھی بتایا جائے۔ یہاں جیل کا کوئی نمائندہ ہی نہیں جو معاملات دیکھے۔ بعدازاں ڈاکٹر طار ق فضل چوہدری واپس روانہ ہوگئے انہیں دیکھ کر لیگی کارکن نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر سے اظہار یکجہتی کیلئے اتوار کو اڈیالہ جیل کے سامنے لیگی رہنماء اور کارکن پہنچ گئے مسلم لیگ ن کا جھنڈا تھامے سابق ایم پی اے بیگم تحسین فواد، مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنماء ناصر بٹ،مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب کونسل یاسر بٹ، یوسی ناظم صالحین قریشی، ایم ایس ایف کے ڈویژنل صدر زرین قریشی سابق ناظم حافظ عبداللہ بٹ، مرکزی انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر شیخ وحید اور ایم ایس ایف تحصیل راولپنڈی کے صدر راجہ فیصل محمودجیل کے سامنے مسلسل یا اللہ یا رسول نواز شریف بے قصور اور ووٹ کو عزت دے کے نعرے لگانے میں مصروف رہے کارکنوں نے ہاتھوں میں مسلم لیگ ن کے جھنڈے، انتخابی نشان شیر کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ درج تھا اس موقع پر سابق ایم پی اے تحسین فواد نے کہا کہ جو چور ڈاکو ہیں وہ باہر ہیں نواز شریف نے ملک واپس آکر بتایا وہ اپنے عوام کے ساتھ ہیں آج ہمارے قائد کی بیٹی مریم نواز بھی ان کے ساتھ جیل میں ہیں ہم ان سے اظہار یکجہتی کرنے آئے ہیں پاکستان آکر انہوں نے بتایا وہ سچے انسان ہیں کون شخص ایسا ہے جو اپنی بیٹی کو جیل ساتھ لاتا ہے ان کی جیت ہوگی مریم نواز اس قوم کی بیٹی ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اسرار احمد، نیشن رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے جیل حکام نے نواز شریف کو 2 اور مریم نواز کو ایک شیف دیا ہے۔ دونوں اپنی پسند کے مطابق پھل، سبزیاں اور کھانے پینے کی دوسری اشیاء جیل سٹور سے حاصل کرسکتے ہیں یا پھر ملاقاتیوں کے ذریعے باہر سے منگوا سکتے ہیں اور پھر شیف سے اپنی پسند کے کھانے تیار کرا سکتے ہیں۔ مزید براں نواز شریف کو 2 ہیلپرز اور مریم نواز کو ایک ہیلپر دیدیا گیاہے جبکہ نواز شریف کو بی کلاس دی گئی ہے اور انہوں نے اس میں تبدیلی کیلئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو کوئی درخواست نہیں دی۔ جیل حکام نے سابق ایم پی اے بیگم تحسین فواد اور پی کے 78 پشاور سے امیدوار خادم علی یوسف زئی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
مریم/ نواز شریف


اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے قیدی نمبر 3421میاں نوازشریف اور قیدی نمبر 3422 مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے گروپوں اور ریلیوں کی صورت میں اڈیالہ جیل جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگی کارکن اپنے قائدین سے اظہار یکجہتی کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر نوازشریف اور مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے گلدستے جیل کی دہلیز پر رکھ کر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق جیل حکام میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر سے عام لوگوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے۔ لہٰذا مسلم لیگی کارکنوں نے اپنی قیادت کو یہ باور کرانے کیلئے کہ وہ جیل میں تنہا نہیں اور اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلیاں

ای پیپر-دی نیشن