عوام زنجیریں توڑ دیں اٹھیں اور تحریک بن کر پھیل جائیں‘ ووٹ کی توہین کرنے والوں کو شکست دینا ہو گی : نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے جیل سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے آپ سے دور رکھنے کیلئے پابند سلاسل کیا گیا ہے، میری اور پوری قوم کی بیٹی بھی قید میں ہے، یہ لوگ نہیں جانتے کہ یہ جیل، یہ قید میرا اور آپ کا رشتہ کبھی ختم نہیں کر سکتی۔ نہ کل کوئی ڈکٹیٹر یہ رشتہ توڑ سکا نہ یہ ڈوریں ہلانے والے یہ رشتہ توڑ سکیں گے۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ میری اہلیہ کی صحت یابی کیلئے دعا کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ پورے ملک کو ایک جیل خانہ میں بدل دیا گیا ہے، عوام کو یہ زنجیریں توڑنا ہونگی۔ 70 سال سے جاری کھیل سے نجات حاصل کرنا ہو گی جس نے قائداعظم کے پاکستان کو تماشا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس لئے ہی ووٹ کو عزت دو کا جھنڈا اٹھا کر نکلا ہوں، اے میری غیور عوام آپ بھی یہ جھنڈا اٹھاﺅ، 25 جولائی کو شاندار فتح کا دن منانے کیلئے میدان میں آﺅ، اپنے ووٹ کی توہین کرنے والوں کو ایسی شکست دو کہ وہ کبھی سر نہ اٹھا سکیں۔ اٹھو اور ایک تحریک بن کر پھیل جاﺅ۔ انشاءاللہ عظیم فتح آپ کی منتظر ہے۔
نواز شریف