• news

فافن عام انتخابات کے مشاہدہ کیلئے 19 ہزار افراد تعینات کریگا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک (فافن) عام انتخابات 2018کے مشاہدے کے لیے انیس ہزار تربیت یافتہ اور غیر جانبدار مشاہدہ کار تعینات کر رہا ہے جو کہ 25 جولائی 2018 کو الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے قائم کردہ 58فیصد پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ اور گنتی کے عمل کا مشاہدہ کریں گے۔ فافن پچاس سے زائد پاکستانی شہری تنظیموں کا نیٹ ورک ہے جو 2008 سے پاکستانی انتخابات کا مشاہدہ کر رہا ہے۔الیکشن کمیشن پاکستان نے فافن کی جانب سے انتخابی مشاہدے کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضابطے کی کارروائی پوری کر کے فافن کے مشاہدہ کاروں کو اجازت نامے جاری کیے جائیں۔پنجاب بھر میں 9554، سندھ میں 4225، خیبرپختونخوا بشمول فاٹا میں 3549، بلوچستان میں 1117 اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 225 مشاہدہ کار فافن کی جانب سے انتخابی عمل کا مشاہدہ کریں گے۔ یہ تمام مشاہدہ کار پاکستانی شہری، تربیت یافتہ اور غیر جانبدار ہوں گے اور پولنگ اسٹیشنوں کے گرد انتخابی ماحول، سیاسی و انتخابی تشدد، پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ کے انتظامات، پولنگ بوتھوں میں ووٹنگ کے عمل، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج کی تیاری کے مراحل کے ساتھ ساتھ خواتین کو اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال میں درپیش رکاوٹوں کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ فافن کے مشاہدہ کار وں کی جانب سے بھجوائے گئے پولنگ اسٹیشنوں کے اعداد و شمار کی مدد سے فافن قومی اسمبلی کے 272 حلقوں میں ووٹوں کی متوازی گنتی بھی کرے گا۔ ووٹوں کی اس متوازی گنتی سے سائنسی و شماریاتی طریقے سے منتخب شدہ پولنگ اسٹیشنوں کے سرکاری نتائج اور فافن کے مشاہدہ کاروں کے حاصل کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کردہ نتائج کا موازنہ کیا جاسکے گا۔ مزید برآں، فافن 272 حلقہ کوآرڈینیٹرز کی مدد سے انتخابی نتائج جمع کرنے کے عمل کا بھی مشاہدہ کرے گا۔ فافن انتخابی عمل کے بارے میں اپنی ابتدائی مشاہداتی رپورٹ 27 جولائی 2018 کو جاری کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن