• news

قوم مسلم لیگ (ن) کو جتوا کر نواز شریف سے زیادتی کا بدلہ لے گی: احسن اقبال

بدوملہی+نارووال (نامہ نگاران) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور حلقہ این اے 78نارووال سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار پروفیسر احسن اقبال نے بدوملہی میں الیکشن ہال کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے25سالہ سیاسی کیریئر میں ایسا جذبہ نہیں دیکھا جو نواز شریف کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ ہماری سیاست ترقی اور خدمت کی سیاست ہے۔ 5سال میں ضلع نارووال کی شکل بدل گئی ہے۔ نارووال ایک پسماندہ ترین ضلع تھا۔ آج تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ہم نے پچھلے پانچ سال میں نارووال میں تین یونیورسٹیاں بنائی ہیں۔ عوام آئندہ انتخابات میں خدمت کو ووٹ دیں۔ یہ مخلص لوگوں کی بستی ہے۔ ان کو پیسوں سے نہیں خریدا جا سکتا۔ انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ 25جولائی کو قوم مسلم لیگ (ن) کو جتوا کر نواز شریف سے ہونے والی زیادتی کا بدلہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک سے دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کی کامیاب جدوجہد کی ہے۔ اور تمام انتخابی وعدے پورے کیے ہیں۔ اس پر عوام کا اعتماد آج بھی قائم ہے۔ اس موقع پر سابقہ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے امداد باہمی اور حلقہ پی پی 50 سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار خواجہ محمد وسیم بٹ اور نعیم خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ25 جولائی کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دے کر استحکام پاکستان اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔ اس موقع پر ملک محمد امتیاز، الحاج ظفر اقبال مغل، چودھری امجد فاروق گجر، خواجہ خالد محمود وائیں، چودھری عمران احمد سندھو ایڈووکیٹ، سید علی عمار کاظمی، چودھری بشیر احمد بشر ملہی، میاں مصدق صغیر مغل، چودھری تنویر احمد ملہی، چودھری اخلاق احمد ملہی، مجید احمد گجر، چودھری محمد وسیم ملہی، نوید احمد گجر اور دیگر مسلم لیگی کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے۔ الیکشن ہال کے افتتاح سے قبل پروفیسر احسن اقبال، خواجہ محمد وسیم بٹ اور نعیم خان کاکڑ نے مین بازار بدوملہی کا دورہ کیا۔ لوگوں نے پر جوش انداز میں ان کا استقبال کیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

ای پیپر-دی نیشن