سعودی شہریوں کیلئے مزید 60 ہزار ملازمتیں‘ غیرملکیوں پر ہیوی گاڑیاں چلانے کی پابندی
ریاض (اے پی پی) وزارت محنت و سماجی فروغ نے نجی اداروں میں 60ہزار سے زیادہ اسامیاں سعودی شہریوں کے لئے مہیا کردیں۔ یہ فیصلہ وزیر محنت احمد الراجحی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ سعودائزیشن کی نگراں کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سعودی خواتین و حضرات کیلئے مختلف پروگراموںپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت محنت نے آئندہ برس کے شروع میں 12اقتصادی شعبوں کی سعودائزیشن سے متعلق شرائط و ضوابط متعارف کرانے کیلئے خصوصی ورکشاپ کا اہتمام کیا تھا ۔ علاوہ ازیں جنرل ٹرانسپورٹ کمیٹی نے غیر ملکیوں پر ہیوی گاڑیاں چلانے کی پابندی عائد کر دی۔ قانون کا نفاذ یکم اکتوبر 2018ء سے کیاجارہا ہے، خلاف ورزی پر 5 ہزار یال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔ عکاظ اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ جنرل ٹرانسپورٹ کمیٹی نے ٹرک اور ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کیلئے مختلف قوانین وضع کئے ہیں جن میں سب سے اہم نکتہ انفرادی کفیلوں کے ٹرک اور ہیوی ڈیوٹی ٹرانسپورٹ کیلئے سعودی ڈرائیوروں کی شرط عائد کی جس کے پیش نظر کوئی بھی غیر ملکی یکم اکتوبر کے بعد سے نجی کفیلوں کے ٹرک نہیں چلا سکے گا۔ اخبار کا کہنا ہے کہ جنرل ٹرانسپورٹ کمیٹی کی طرف سے 31 خلاف ورزیوں کے قانون کی منظوری دے دی گئی ہے جن میں ٹرانسپورٹرز کو اس امر کا پابند کیا گیا وہ قوانین پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر انکے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔