پشاور اورنوشہرہ میں شدید بارش ، مختلف واقعات میں12افراد زخمی
اسلام آباد + پشاور + نوشہرہ (صباح نیوز) پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیزبارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف حادثات میں 12افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور وگردونواح میں موسلا دھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اورنالیاں ابل پڑیں۔ پشاور کے علاقے مسلم ٹائون اورموسی زئی میں بارش کی وجہ سے چھتوں کے گرنے کے واقعات سمیت مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق کہ زخمیوں میں 3خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جنہیں فوری طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ ایک خاتون کی حالت نازک ہے۔نوشہرہ میں پیرپائی کے مقام پر بارش کی وجہ سے فلائنگ کوچ حادثے کا شکارہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتا ل منتقل کردیا گیا جن میں 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، مری اورگردونواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد میں جہاں علی الصبح موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا وہیں مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔ لاہورمیں بھی گذشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 29، سیالکوٹ میں 12 اور سرگودھا میں 08ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات ڈویژن اور کشمیرمیں مزید بارشوں کا امکان ہے۔