قوم فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دہشت گردی سے چھٹکارا پا سکتی ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پچھلے چار پانچ روز سے دہشت گردی نے سر اٹھایا ہے، بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ساری قوم فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دہشت گردی سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹبہ ککے زئیاں میں انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی سزا ملنے پر سابق وزیراعظم خود کو اور اپنی بیٹی کو سزا کیلئے پیش کرنے اور قانون کی بالادستی کیلئے وطن واپس آئے۔ نواز شریف جب اپنی بیٹی کے ہمراہ وطن واپس آئے تو ان کو ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں باپ بیٹی کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ اور مریم نواز اپنی ماں کو موت و حیات کی کشمکش میں چھوڑ کر قانون اور آئین کی سربلندی کیلئے وطن واپس آئے۔ مشرف کے اوپر غداری اور آئین توڑنے، لال مسجد میں قتل عام اور اکبر بگٹی کے قتل کے مقدمات ہیں۔ مشرف میں اتنی بہادری اور اخلاقی جرات نہیں کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا عدالتوں میں سامنا کرے۔ نواز شریف نے ملک میں دہشت گردی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ اس کا جرم یہ ہے کہ اس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔