• news

قوم نے 15 جولائی کو دنیا بھر میں جمہوریت کے عزت و وقار کا دفاع کیا: اردگان

انقرہ (آئی این پی ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ 15 جولائی کو ترک ملت نے محض حکومت پر حملے کو ہی رفو نہیں کیا بلکہ تمام دنیا میں جمہوریت کے عزت و وقار کا بھی دفاع کیا ہے۔ اتوار کو صدر رجب طیب اردوان نے 15 جولائی کے حملے کی دوسری سالانہ یاد کے موقع پر روزنامہ حریت اور روزنامہ صباح کے لئے مقالہ رقم کیا۔صدر اردوان نے مقالے میں کہا ہے کہ ملت نے 15 جولائی کو مزاحمت کا مظاہرہ کر کے صرف حملے کو ہی رفو نہیں کیا بلکہ پوری دنیا میں جمہوریت کے عزت و وقار کو بھی بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کا دن صرف فیتو دہشت گرد تنظیم کے دہشت گردوں کے لئے ہی نہیں بلکہ حملے کی خواہش رکھنے والوں اور دہشت گرد تنظیموں کے لئے بھی واضح اور دو ٹوک جواب کی حیثیت رکھتا ہے۔صدر اردوان نے کہا کہ ترکی 15جولائی سے پہلے کے ترکی کے مقابلے میں زیادہ طاقتور اور جمہوری ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم کی بڑے پیمانے پر تحلیل کر دی گئی ہے اور 16 ممالک میں تنظیم کے اداروں کو بند کروا دیا گیا ہے۔صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم نے ثابت کیا ہے کہ دنیا کے متعدد ممالک دہشت گردوں کے لئے محفوظ نہیں ہیں ۔ علاوہ ازیں فیتو کے سرغنہ فتح اللہ گولن کے لئے ہم نے جو قانونی مرحلہ شروع کیا ہے اسے پرعزم شکل میں اور بغیر کسی کوتاہی کے جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن