پی ایف سی کی طرف سے ڈیمز فنڈ میں 10لاکھ دینے کا اعلان
لاہور (آن لائن) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے پی ایف سی کی طرف سے اس فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سیکرٹری پی ایف سی عاقل سردار بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سی ای او میاں کاشف اشفاق کی طرف سے بینک میں ایک ملین روپے کا چیک جمع کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا پے کہ ہم بحیثیت ایک قوم آگے بڑھیں اور پانی کی قلت پر قابو پاتے ہوئے اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور خوشحال ملک دیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی ایک بڑی وجہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ہے لہذا پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لئے پانی کی اسٹوریج کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹوریج اور بنیادی ڈھانچہ کی کمی کے باعث سیلابی موسم کے دوران 30 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں چلا جاتا ہے جو پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ ملک کو سالانہ 14 بلین ڈالر کے نقصان کا باعث ہے۔ایک ایسے ملک کے لئے جو پانی کے وسائل کا تقریبا 90 فیصد اپنے سب سے بڑے معاشی سیکٹر زراعت کیلئے استعمال کرتا ہے یہ نقصان ناقابل برداشت ہے اور مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ کئی دہائیوں سے ہمیں اس قلت کا سامنا ہے مگر ہم ابھی تک ڈیموں کی تعمیر کیلئے عم؛لی اقدامات کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیموں کی تعمیر سے پانی فراہم کرکے 20 ملین ایکڑ اضافی زمین کو زیر کاشت لایا جا سکتا ہے۔