• news

بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے چیف جسٹس کے اقدام قابل تحسین ہیں: میاں سلیم

لاہور (نیوز رپورٹر) انجمن تاجران پنجاب کے سیکرٹری جنرل میاں سلیم نے کہا ہے کہ سب کا اتفاق ہو تو کالا باغ ڈیم بھی بن سکتا ہے۔ بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم تعمیر کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کا اقدام قابل تحسین ہے، پوری قوم کو چاہیے کہ اب آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے دل کھول کر فنڈز اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔ ماضی میںتارکین وطن کی قربانیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، امید ہے کہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے تارکین وطن خصوصی فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کریں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تاجروں کے ایک اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میا ں سلیم نے کہاکہ اگر برق رفتاری سے کام کیا جائے تو 2025 ء تک بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر مکمل کی جا سکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے 2400 ارب روپے سے زائد رقم درکار ہے اگر پاکستانی قوم ملکر اپنا حصہ ڈالے تو اس سے کئی گنا زیادہ رقم اکٹھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے 950 ارب میں سے پہلے مرحلے کیلئے 423 ارب درکار ہیں جبکہ 400 ارب روپے بعد میں چاہیے ہونگے، اس ڈیم سے انتہائی سستی بجلی کے 4320 میگا واٹ حاصل ہونگے۔ اسی طرح دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے 1450 ارب درکار ہیں جو ملک میں 6.4ملین ایکڑ فٹ اضافی پانی ذخیرہ ہو سکے گا اور 4500 میگا واٹ سستی بجلی کی پیداوار ممکن ہے، میاں سلیم نے کہاکہ ڈیموں کے تعمیر سے نہ صرف سستی بجلی میسر آئے گی بلکہ ملک بھر میں صنعتی انقلاب برپا ہو اور پاکستان عالمی برادری میں اپنا اصل مقام حاصل کرنے کے قابل ہو سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن