چہروں پر مسکراہٹ آنکھوں میں محبت بتا رہی سندھ میں انقلاب آنے والا ہے : سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیرجماعت اسلامی ومتحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام25جولائی کو اپنے گھر سے نکلیں اور جاگیرداروں کے اقتدار کا خاتمہ کریں، ایم ایم اے انقلابی کارواں اور مورچہ ہے جوملک میں نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے بناہے۔ سندھ کے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں محبت اس بات کی نشانی ہے کہ سندھ میں انقلاب آنے والاہے،جس میں مخلوق خدا عام شہری ،غریب کسان اور مزدور خوشحال ہوگا۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے شہیداللہ بخش پارک جیکب آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ پی پی ،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ایک ہی طبقہ ملک پر عرصہ درازسے قابض ہے، جو صرف پارٹیاں بدلتا رہتاہے ۔ ہم آپ کو انقلاب کی طرف بلاتے ہیں ہمیں موقع دیں اقتدارمیں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم، تعلیم، صحت مفت،کارخانے کے مزدور کا کارخانے کے منافع میں حصہ ،کسان کا کھیت کے پیداوارمیں حصہ شامل کریںگے، بیروزگارکو روزگار الاﺅنس دیاجائے گا ضعیف لوگوں کو بھی الاﺅنس دیںگے، بے گھروں کو شیلٹر دیں گے،انہوںنے کہاکہ بلاول نے مخلوط حکومت بننے کا کہاہے جس کے وزیراعظم اس کے اپنے ابو آصف زرداری بنےں گے جبکہ آصف زرداری بلاول کو اگلا وزیر اعظم بناناچاہتے ہیں، کیا ان کے علاوہ پی پی میں کسی اورکی عزت نہیں اور ایسا کوئی نہیں جسے یہ منصب دیاجائے، انہوںنے کہاکہ ٹی وی چینل پر کروڑوں روپے کے اشتہار میں جو چہرے دکھائے جارہے ہیں وہ 25 جولائی کے بعد نظر نہیں آئیں گے سندھ میں قلندروںاور دولت مندوں کا مقابلہ ہے انشااللہ قلندر جیتےں گے۔ انہوں نے جیکب آبادکی قومی نشست پر نامزد امیدوار ڈاکٹر اے جی انصاری ،صوبائی امیدوار دیدارلاشاری کے ہاتھ بلندکرتے ہوئے کہاکہ ان کو ووٹ دیں یہ نیک اورآپ میںسے ہیں ان کو ووٹ دے کر کامیاب کریں اور ظالم کرپٹ، لینڈ اور ڈرگ مافیاکا احتساب کریں۔ جلسے سے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ اس بار پورے سندھ میں پی پی دفن ہو جائے گی۔ کتاب کے نشان پر مہر لگاکر ظلم اور ظالم سے نجات حاصل کریں۔ جلسہ سے ممتاز سہتو، ڈاکٹر اے جی انصاری، عبدالحفیظ بجارانی، دیدارلاشاری، حافظ میر بنگلانی، حنیف کھوسو، صادق ملغانی، حماد انصاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
سراج الحق