”سیاسی بہروپیئے عمران کو پنجاب نے مسترد کر دیا“ مریم اورنگزیب کی سینکڑوں خواتین کیساتھ اڈیالہ جیل تک ریلی
راولپنڈی(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کوناکام جلسوں کی ہیٹ ٹرک پرمبارکباد پیش کرتے ہیں انہیں 3 خالی پنڈال دیکھ کرشرم تو آئی ہوگی، نواز شریف سے یکجہتی کرنے اڈیالہ جیل کے سامنے آئے ہیںجس لیڈر نے ملک کو ترقی دی اورایٹمی طاقت بنایا ،سی پیک جیسا منصوبہ لے کر آئے،لوڈشیڈنگ اوردہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ووٹ کی عزت کی خاطر پاکستان واپس آئے وہ آج پابند سلاسل ہیں،نیب کا فیصلہ خود کرپشن کو مسترد کرتا ہے لیکن اس نام نہاد کرپشن میں معاونت پر بیٹی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی ۔ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے خواتین ونگ کی اڈیالہ جیل کے باہر ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواتین ونگ کے قافلہ میں موجود خواتین نے ہاتھوں میں پارٹی جھنڈے اورگلدستے اٹھا رکھے تھے ،سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب عام خواتین کےساتھ وین میں سوارتھیں اور خواتین کارکن اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی تھیں۔ مریم اورنگیزیب ریلی کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچیں تو میڈ یا سے گفتگو کے دوران جذباتی انداز میںنعرے بازی کرتی رہیں ۔اڈیالہ جیل کے سامنے پہنچ کرگفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف سے یکجہتی کرنے اڈیالہ جیل کے سامنے آئے ہیں ،وہ ہمارے قائد ہیں جنہوں نے ملک کو ترقی دی ،پاکستان میں سی پیک جیسا منصوبہ لے کر آئے،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ،دہشت گردی کا خاتمہ کیا ،ووٹ کی عزت کی خاطر پاکستان واپس آئے ۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کا فیصلہ خود کرپشن کو مسترد کرتا ہے لیکن اس نام نہاد کرپشن میں معاونت پر بیٹی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ سیاسی بہروپیے کو پنجاب کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ 25جولائی کی شام کو عمران خان ہاتھوں پر کالی پٹیاں باندھ کر پھرے گا کیونکہ عوام شیر پر مہر لگائے گی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ کی گالی کی سیاست مستردہوگئی ہے آپ اور جمہوریت اکٹھے نہیں چل سکتے۔ عمران خان نے 35 سال سے شیروانی سلوا رکھی ہے۔ وہ چوتھی مرتبہ کسی اور طریقے سے پہن لیں۔ عمران نے اپنے دور حکومت میں کوئی کارکردگی نہیں دکھائی عوام ان کو پہچان چکے ہیں ،عوام کی صحیح خدمت صرف مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے کی۔
مریم اورنگزیب