الیکشن کمشن ووٹرز کا غائب ڈیٹا فراہم پولنگ وقت بڑھائے: شیخ رشید‘ بینڈ کے ساتھ پیدل انتخابی مہم شروع کردی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بینڈ باجے کے ساتھ حلقے میں پیدل مہم شروع کر دی۔ گزشتہ روز شیخ رشید نے جنرل الیکشن کے لئے اپنی پیدل مہم شروع کر دی۔ پیدل چلتے ہوئے انہوں نے بینڈ باجے والوں کو بھی ساتھ میں لیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے انہیں گالیاں دی ہیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ انہوں نے ن لیگ کے کارکنوں پر کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ اگر مقدمہ کرتے تو ان پر دہشتگردی کا مقدمہ چلتا۔ شیخ رشید احمد نے آج 17 جولائی منگل کو لیاقت باغ میں جلسہ عام ملتوی کرنے اور 22 جولائی کو جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت باغ میں اس جلسے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خطاب کرینگے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ ووٹر کا غائب ڈیٹا فراہم کرے اور اگر موسم خراب ہو تو پولنگ کا وقت بڑھا دیا جائے۔ پیر کو لال حویلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کے لئے آئندہ دس دن بہت اہم ہیں۔ حکومت سیکورٹی بڑھائے ملک کی معاشی حالت انتہائی خراب ہے۔ 15 ہزار میں موٹر سائیکل بنایا ہے جس پر بازاروں میں انتخابی مہم چلا رہا ہوں جبکہ گلیوں‘ محلوں میں چنگ چی رکشا پر مہم چلاؤں گا۔