ملک دشمن قوتیں پاکستان سے کسی شیخ مجیب کی تلاش میں ہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں کسی شیخ مجیب کی تلاش میں ہیں۔ منصوبے کے تحت 71ء والی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے۔ اُس وقت بھی انتخابات کے موقع پر افواج پاکستان کو متنازعہ بناکر پیش کیا گیا تھا۔ اداروں پر عوام کے اعتماد کو ختم کرنے کے لیے عدلیہ کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملی مسلم لیگ ملک دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔پاکستان کو نقصان پہنچانے والے بیانیے ناقابل برداشت ہیں۔ ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے ضلع شرقی گلشن اقبال اور ضلع غربی اورنگی ٹائون میں ملی مسلم لیگ کے بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ گلشن اقبال میں جلسے سے حلقہ این اے 242، این اے 243 سے اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی، حلقہ این اے 244 سے امیدوار مدثر چوہدری ایڈووکیٹ، حلقہ پی ایس 99 سے امیدوار علی گبول، پی ایس 100 سے امیدوار محمد ارباب، پی ایس 101 سے امیدوار فہد یوسف، پی ایس 102 سے امیدوار حکیم ساجد، پی ایس 103 سے امیدار عبید خلیل، بلال حیدر، دوسری جانب اورنگی ٹائون جلسے میں حلقہ اے این 250 سے امیدوار عطاء اللہ ظہیر، حلقہ پی ایس 117 سے امیدوار نادر خان، پی ایس 118 سے امیدوار امداد علی، پی ایس 119 سے امیدوار زاہد انور، پی ایس 120 سے امیدوار شہر بہادر ابو عکاشہ، مفتی عبداللطیف، حافظ محمد امجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی ہیں۔ پاکستان کے خلاف دشمنوں کے منصوبے خوفناک ہیں۔ اسرائیلی و بھارتی ورزائے اعظم ایک ہفتے تک دہلی میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف منصوبے بناتے رہے۔ دشمنوں کو پاکستان کا ایٹمی پروگرام کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1970ء میں بھی انتخابات سے قبل فوج کو بدنام کیا گیا تھا، انڈین میڈیا اس وقت بھی خوفناک پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ منصوبے کے تحت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا ہے۔ داعش کو عراق و شام سے لاکر افغانستان میں بسایا گیا، اب اس کے ذریعے پاکستان کو میدان جنگ بنایا جا رہا ہے۔ خودکش حملے اور بم دھماکے اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔