عمران وزیراعظم بن کر امپائرز کو خوش رکھ سکیں گے: برطانوی میڈیا کا سو ال
لندن (آئی این پی) عالمی اخبارات نے 25جولائی کے انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی انتخابی مہم جارحانہ انداز میں جاری ہے، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ عمران خان ’’امپائرز‘‘ کوکس حد تک خوش رکھ سکیں گے اور عمران خان یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ ان کے پاک فوج کے ساتھ تعلقات بہتر ہیں۔معروف برطانوی اخبار’’دی گارڈین‘‘ نے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے یہ لکھا ہے کہ حالیہ ہونے والے سروے رپورٹس میں مسلم لیگ (ن) کو تحریک انصاف پر برتری حاصل ہے، تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن کے مقدمات، مسلم لیگ (ن) میں اتحاد کی فضاء نہ ہونے اور الیکٹیبلز کے پارٹی چھوڑنے اور اسٹیبلشمنٹ سے (ن) لیگ کے اختلافات کی وجہ سے (ن) لیگ کا دوسری مرتبہ مسلسل اقتدار میں آنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران عمران خان نے لوگوں کی توجہ تو حاصل کرلی اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ کیا ان کے فوج کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں۔ عمران نے اپنے ووٹرز کو یہ پیغام دیا ہے کہ میچ کی آخری بال تک ہمیں آرام سے نہ بیٹھنے کا عزم کرنا ہوگا۔ آئندہ انتخابات میں کوئی بھی جماعت کامیابی حاصل کرے، مشکلات ختم ہوتی نظرنہیں آرہیں، پاکستانی معیشت زوال پذیر ہے اور اسے بیل آئوٹ پیکیج کیلئے آئی ایم ایف سے رابطہ کرنا ہوگا۔ دوسری جانب فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے بھی پاکستان کوگرے فہرست میں شامل کرلیا ہے،2006میں انگلینڈ سے وطن واپس آنے کے بعد عمران خان نے اپنا پلے بوائے کا تاثر ختم کرنے کیلئے کافی محنت کی اور اب وہ پاکستانی لباس پہننا زیادہ پسند کرتے ہیں۔