• news

اسحاق ڈار کا الیکشن ریکارڈ طلب، ہیلی کاپٹر کیس میں عمران کی آج پیشی

لاہور (خصوصی رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) الیکشن کمشن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے نیب نے ان سے اسحاق ڈار کے بارے میں پوچھا ہے کہ انہوں نے اب تک کتنے انتخابات میں حصہ لیا، ان انتخابات میں انتخابی اخراجات کی تفصیل کاغذات نامزدگی کا مصدقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب ان معلومات کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف اپنی تحقیقات آگے بڑھائے گا۔ اپنے نامہ نگار سے کے مطابق آشیانہ سکینڈل کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو سپریم کورٹ گلگت بلتستان نے طلب کرلیا۔ نیب نے احتساب عدالت سے ایک روز کا راہداری ریمانڈ لے لیا۔ نیب نے آشیانہ سکینڈل کیس میں فواد حسن فواد کو احتساب عدالت کے جج منیراحمد کے روبرو پیش کیا۔ عدالت کو پراسیکیوشن نے بتایا فواد حسن فواد کو سپریم کورٹ گلگت بلتستان نے طلب کیا ہے۔ ملزم نیب کے پاس ریمانڈ پر ہے اسے دوسرے شہر منتقل کرنے کے لئے ایک روز کے لئے راہداری ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت میں فواد حسن فواد نے کہاان کا مکمل چیک اپ کرایا جائے، ان کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ان کو لمبا سفر کرایا جائے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے فواد حسن فواد کاایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا۔ مزید براں احتساب عدالت کے جج نے فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ نیب حکام کی جانب سے انکشاف ہوا فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال سوسائٹی میں سادہ لوح عوام شہریوں کوگھر کا خواب دکھایا لیکن اس کے بدلے ان کو کچھ نہیں ملا جبکہ انکوائری کا کہا گیا تو فواد حسن فواد نے انکوائری رپورٹ دبا دی۔ اس کے علاوہ فواد حسن فواد نے ٹھیکہ کاسا ڈویلپر کو دلوا دیا۔ مزید برآں خیبر پی کے ہیلی کاپٹرکو ذاتی استعمال میں لانے کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج نیب میں پیش ہونگے۔ واضح رہے عمران خان کو نیب پہلے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے الزام میں طلب کرچکی ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی پیش نہیں ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن