• news

پاکستان، نائیجیریا کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مائنڈ سیٹ بدلنے کے چیلنج کا سامنا: حسن عسکری

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نائیجیریا کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت نائیجیریا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل جوناتھن میلا جوما کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میںپاک نائیجیریا تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان میں انتخابات کے انتظامات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نائیجیرین وفد کا دورہ باہمی تعلقات کے نئے دور کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے مواقع بڑھانے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور اس ضمن میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سطح پر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہئے اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے معاشی و تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جبکہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹرز، سول سرونٹس اور میڈیا کے وفود کے تبادلے بھی ہونے چاہئیں اور باہمی تعلقات میں اضافے کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ باہمی رابطوں میں اضافے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئے گی اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے اور پنجاب کی معیشت زراعت پر مشتمل ہے۔ اس شعبے میں بھی پاکستان اور نائیجیریا باہمی تعاون کے مواقع کا جائزہ لے کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا ذکر کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا دہشت گردی پاکستان سمیت عالمی برادری کیلئے سنجیدہ چیلنج ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کا بہادری سے سامنا کیا اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر ایک تاریخ رقم کی ہے۔ نائیجیریا کو بھی انتہاپسندی کے عفریت کا سامنا ہے اور میں سمجھتا ہوں پاکستان اور نائیجیریا کو دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مائنڈ سیٹ کی تبدیلی کا چیلنج درپیش ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نائیجیرین وفد کے سربراہ جوناتھن میلا جوما نے کہا پاکستان بہت شاندار ملک اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں۔ لاہور کا دورہ خوشگوار اور ناقابل فراموش تجربہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے سمیت دیگر امور میں پاکستان کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم پاک نائیجیرین تعلقات میں مزید گرمجوشی چاہتے ہیں اور ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت دیگر امور میں کاروباری تعاون کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن