پیپلز پارٹی نے عوام کو مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا: سراج الحق
سکھر (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی،متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام25جولائی کو ایم ایم اے کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ کے ذریعہ خوشحال اسلامی پاکستان کے مستقبل کا چناؤکریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیق، مجلس عمل کے رہنمایان حسن اقبال زیدی، ضلعی صدر مولانا حزب اللہ جکھرو، حلقہ پی ایس 24 سکھرسے نامزد امیدوار زبیر حفیظ شیخ، مولانا سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبدالرحمن ثاقب، مولانا رضوان قادری، ممتاز حسین سہتو، نظام الدین میمن، سرفراز صدیقی ، مولانا سلطا ن لاشاری، مولاا امداد حسین حسینی، سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے مذید کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام نے بار بار منتخب کیا لیکن اس نے جواب میں سندھ کے عوام کو مشکلات و مصائب میںڈال دیا۔ ملک کا بچہ بچہ مقروض ہو چکا ہے، لوگ تعلیم صحت کی سہولیات سے سے محروم ہیں، ایم ایم اے کے پاس ظلم و ذیادتی مہنگائی بیروزگاری کے خلاف سیاسی منشور موجود ہے۔ ہمارے پاس ترقی عوام کی خوشحالی کا جامع پروگرام موجود ہے، انشاء اللہ ایم ایم اے کی حکومت ملک سے غربت و مہنگائی بیروزگاری بد امنی کا خاتمہ کریگی۔