تیسرا ون ڈے: پاکستان زمبابوے آج مدمقابل‘ سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے: سرفراز احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا تیسر ا میچ آج کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن سوابارہ بجے بلاوایو میں شروع ہوگا۔ سیریز میں گرین شرٹس کو دوصفر کی برتری حاصل ہے۔ کپتان سرفرازاحمد نے کہاکہ عثمان شنواری کی بالنگ میں مسلسل نکھارآرہا ہے،اوپنرز کی ثابت قدمی کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی،فخرزمان فتح کا مشن مکمل کرنے پر مسرور ہیں۔ تیسرے میچ میں فتح کیساتھ سیریز اپنے نام کرنے کے بعد پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے،انھوں نے کہا کہ جیت کا مشن مکمل کرنے کے بعد بنچ پاور کو بھی میدان میں اترنے کا موقع دیں گے۔بلے باز اور بائولرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ میزبان ٹیم کو آسان نہیں لیا ۔ فیلڈنگ میں تھوڑے بہت مسائل ہیں،مجموعی طور پر ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے۔زمبابوین کپتان ہملٹن مساکاڈزا نے کہاہے کہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کے ٹیم کے ساتھ نہ ہونے اور کچھ کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ارہا ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں سے بہت سے امیدیںوابستہ ہیں ۔ ہمارے بلے باز اور بائولرز پاکستانی ٹیم کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ کھلاڑی اپنی طرف سے بہترین کھیل پیش کررہے ہیں تاہم انہیں مزید بہتری لانا ہوگی تاکہ میچ جیت سکیں ۔ پہلے دونوں میچوں میں آئوٹ کلاس کر دیا گیا مگر پوری کوشش کریں گے کہ اگلے مقابلے یکطرفہ نہ ہوں ۔ گرین شرٹس کو اچھا ہدف دینے یا کم سکور پر آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے تو میچ جیت بھی سکتے ہیں ۔