کوئی پاکستانی بلے باز ڈبل سنچری کے بارے میں کیوں نہیں سوچ رہا!رمیز راجہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سابق کپتان رمیز راجہ کو متاثر نہ کرسکی۔انکا کہنا ہے کہ انہیں قومی ٹیم کی جیت کا کوئی مزہ نہیں آیا اور یہ میچ بہت ہی پھیکا تھا۔ فخر زمان تو ایک جارح مزاج بلے باز ہیں تاہم دوسرے اوپنر امام الحق اور بابر اعظم میں وہ صلاحیت نظر نہیں آتی کہ جب 15 رنز فی اوور درکار ہو تو وہ اسے پورا کرسکیں۔رمیز راجہ نے اس بات کا اظہار کیا کہ یہ سیریز کافی آسان ہے تو کیوں نہ باقی ماندہ بلے باز بھی اپنے کھیل کو جارحانہ انداز میں پیش کرتے ہوئے کچھ سکسرز لگائیں۔ رمیز راجہ نے ٹویٹ بھی کیا جس میں ان کا یہی کہنا تھا کہ ‘اس میچ میں کوئی جادوئی لمحہ نہیں تھا، جیسا کہ کوئی بہترین بائولنگ سپیل یا 50 گیندوں پر سنچری۔ کوئی پاکستانی بلے باز ڈبل سنچری بنانے کے بارے میں کیوں نہیں سوچ رہا!!! کیوں نہیں۔۔۔ اگر زمبابوے کیخلاف نہیں تو پھر کس کیخلاف؟؟؟