• news

کراچی، ملتان سمیت کئی شہروں میں آپریشن، 13 دہشت گرد، لاہور سے 29 مشتبہ افراد گرفتار

لاہور، کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رینجرز اور پولیس نے پنجاب کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سرچ آپریشن اٹک، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور فیصل آباد میں کئے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی سرچ آپریشن کئے۔ لاہور سے 29مشتبہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء کراچی سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ شاہ فیصل کالونی سے گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت ابوبکر، محمد جواد، ابراہیم اور فہد سے ہوئی پولیس نے چاروں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور انصار الشریعہ سے بتایا ہے ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور یہ جنوبی وزیرستان میں ایف سی کی متعدد چوکیوں پر حملوں میں بھی ملوث ہیں مبینہ دہشت گرد 16 ماہ سے شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک مدرسے میں رہ ہے تھے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے علاوہ تخریب کاری کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت ملتان بائی پاس کے قریب سے گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے نام عبدالسلام، محمد لیاقت، واجد اللہ اور محمد احمد ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا دہشتگردوں کا نشانہ ملتان کے اہم سیاسی رہنماؤں کے علاوہ 2018کے الیکشن میں تخریبی کاروائیاں کرنا بھی تھا، ملزمان کے قبضے سے 5ہینڈ گرنیڈز اور دیگر اسلحہ کے ساتھ حساس نقشے اورجہادی لٹریچر بھی بر آمد کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن