چین : شدیدبارشوں نے تباہی مچادی، متعدد علاقے زیر آب مزید ایک لاکھ افراد محفوظ مقام پر منتقل
بیجنگ (آن لائن) چین میں شدید طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں متعدد علاقے زیر آب آگئے،لاکھوں کی تعداد میں لوگ گھروں تک محصور ہو کر رہے گئے اور نظام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔منگل کو چینی محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ چانگ کنگ شہر میں شدید بارشوں سے جیالنگ اور یانگ زینامی دریاوں میں طغیانی شدت اختیار کر گئی ،جس کے نتیجے میں 1 لاکھ افراد کو ہنگامی حالت میں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا،دریاوں میں پانی کی سطح بالترتیب 4 اور 6 میٹر تک بلند ہو گئی،جس کیوجہ سے ہنگامی بنیادوں پر تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ طوفانی بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے،شہری غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی حکام سے فوری رابطہ کریں۔واضح رہے کہ بارشوں کے سبب اس ماہ کے دوران 20 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 14 افراد سیلاب اور مٹی کے تودوں کی زد میں آکر ہلاک ہو چکے ہیں۔