• news

پاکستان بار کونسل کا وفد آج نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریگا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) پاکستان بار کونسل(پی بی سی) کے 5رکنی وفد کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت مل گئی جو آج (جمعرات کو) ان سے ملاقات کرے گی۔پی بی سی کی ٹیم بطور مبصرین نواز شریف سے ملاقات کرکے ان کو حاصل قانونی سہولیات کا براہ راست مشاہدہ بھی کرے گی۔پی بی سی کے نائب چیئرمین کامران مرتضیٰ نے اسلام آباد احتساب عدالت کے رجسٹرار اور اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ کو ارسال مراسلے میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد مجرم سابق وزیراعظم نواز شریف سے بدھ کو ملاقات کی درخواست کی تھی لیکن متعلقہ حکام نے پی بی سی کے پانچ رکنی وفد کو 19 جولائی(جمعرات) کو 11 بج کر 30 منٹ پر ملاقات کی اجازت دے دی۔پانچ رکنی ٹیم کامران مرتضیٰ ، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی، محمد یاسین آزاد، پی بی سی ممبر اعظم تارڑ اور سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر خالد جاوید پر مشتمل ہوگی۔اعظم تارڑ نے بتایا کہ پی بی سی کا نوازشریف سے ملاقات کا ایک مقصد اس امر کا جائزہ لینا بھی ہے کہ انہیں فیئر ٹرائل، قانون کے مطابق جیل میں سہولیات حاصل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں فیئر ٹرائل پر سخت تحفظات ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ نواز شریف د ہشت گرد نہیں بلکہ وائٹ کالر جرائم میں سزایافتہ ہیں اور اس لیے ان کے ساتھ ایک سخت گیر مجرم کی طرح رویہ نہیں رکھا جانا چاہیے۔
بار کونسل

ای پیپر-دی نیشن