مہمند: جماعت اسلامی کے جلسہ میں بدنظمی، سٹیج گر گیا، بھگدڑ، سراج الحق سمیت قیادت محفوظ
مہمند ایجنسی (آن لائن) جماعت اسلامی کے جلسے کے دوران سٹیج گرنے سے سراج الحق‘ مشتاق احمد سمیت دیگر قیادت محفوظ رہی۔ سٹیج پر گنجائش سے زیادہ لوگوں کے چڑھنے کی وجہ سے گرگیا کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بدھ کے روز مہمند ایجنسی میں سراج الحق اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں جب سٹیج پر پہنچے تو لوگوں کے رش کی وجہ سے سٹیج گر گیا اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور تمام لوگ محفوظ رہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ انتخابی مہم جاری رہے گی۔ محمد سعید خان کی کامیابی سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدلے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل صافی اور غلنئی وزیر کلے میں انتخابی جلسے سے سنیٹر و صوبائی امیر مشتاق خان، سراج الحق، این اے 42 کے اُمیدوار محمد سعید و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عمل کے قیام سے کرپٹ سیاستدانوں کی نیندیں حرام ہو جائینگے۔ کیونکہ مجلس عمل کے اُمیدواروں کے منتخب ہونے سے ملک میں صاف و شفاف معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ کیونکہ موجودہ وقت میں اسلحہ کا جنگ نہیں بلکہ ووٹ ہی کے ذریعے پر امن انقلاب برپا ہوگا۔ غلنئی وزیر کلے میں ملک اورنگزیب نے جماعت اسلامی قائدین کا بھر پور استقبال کیا۔ علاوہ ازیں تحصیل صافی میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام میں قائدین کیلئے بنایا گیا سٹیج گر پڑا۔ سٹیج گرنے سے جلسہ عام میں بھگدڑ مچ گئی۔ اور سٹیج گرنے سے سراج الحق بال بال بچ گئے۔ جبکہ خاصہ دار صوبیدار میجر جان محمد سمیت کئی کارکنان اور مقامی صحافیوں کو چوٹ لگ گئی اور اُن کے کیمرے بھی ٹوٹ گئے۔ مائیک پر بار بار اعلانات کے بعد عوام واپس پنڈال میں جمع ہو گئے جس کے بعد امیر سراج الحق نے کرسی پر کھڑے ہو کر عوام سے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق جلسہ منتظمین کی جانب سے سٹیج شادی ہال میں کھانے کے لئے رکھی جانے والی میزوں پر بنایا گیا تھا اور زیادہ اونچائی نہ ہونے کی وجہ سے قائدین محفوظ رہے اور جلسے کی کارروائی جاری رکھی گئی۔