• news

لاہور سمیت کئی شہروںمیں بارش‘ دیوار گرنے، جوہڑ میں ڈوبنے سے 3بچے جاں بحق

لاہور(سپورٹس رپورٹر+کامرس رپورٹر+نامہ نگاران) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز جمعرات کو مالاکنڈ، ہزارہ، مردان،پشاور، کوہاٹ، بنوں، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، راولپنڈی، قلات ڈویژن، اسلام آباد، اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ڈی آئی خان، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور ، ملتان، میرپورخاص، ژوب ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، سرگودھا ڈویڑن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ قصورکے نواحی گائوں حویلی کمہاراں والی میں دو لڑکے بارشی پانی کے جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔حویلی کمہاراں والی کے رہائشی اقبال کا 14 سالہ بیٹا فہیم اور مشتاق کا 15 سالہ بیٹا اسد علی گاوں سے ملحقہ بارش کے پانی سے بنے ہوئے جوہڑ میں نہا رہے تھے کہ اچانک ڈوب گئے۔ماموں کانجن میں بارش سے خستہ حال دیوار گرنے سے 5سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ نواحی گائوں 508 گ ب کے محمدی محلہ کے رہائشی محنت کش قاسم کے کچے مکان کی دیوار جو گزشتہ شب ہونے والی شدید بارش سے گر گئی جس کے ملبے تلے آ کر اسکی پانچ سالہ بیٹی مریم موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ دریں اثنا عارف والا شہر اور نواحی دیہاتوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔دریں اثناء ملک میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث گزشتہ روز بھی لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر رہا ۔ بارش والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش ، سینکڑوں فیڈرزاوردرجنوں گرڈز ٹرپ کر گئے ۔ ٹرانسفارمرز بھی جل گئے ۔ ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث ترسیلی نظام تقرییا درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے کئی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔ پنجاب اور خیبر پی کے کے بیشتر علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث ان علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا۔ صوبائی دارالحکومت میں دوپہر اور شام کے وقت مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے لیسکو کے 46 فیڈرز اور پانچ گرڈز ٹرپ کر گئے۔ شیخوپورہ میں بجلی کی وقفہ وقفہ سے غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ایک طرف عوام ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہوگئے تو دوسری طرف اس سے کاروبار زندگی بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ الیکشن کی آمد آمد ہے مگر بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری حلقوں میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن