اسلام آباد میں پانی الیکشن کمشن کی عمارت میں داخل ہوگیا
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا ،بارش کا پانی الیکشن کمشن کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف الیکشن کمشن بارش سے بچنے کی تیاری کرنا بھول گیا۔ عقبی نالے کا پل نہ بننے کی وجہ سے مون سون کی بارشوں نے الیکشن کمشن کو ڈبو دیا۔ بارش کا پانی الیکشن کمشن کی عمارت میں داخل ہوگیا۔ گرائونڈ فلور پر ہر جانب پانی ہی پانی اور عمارت کی لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ۔الیکشن کمشن کے ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کے لیے سرتوڑ کوششوں میں مصروف رہے ، دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمشن نے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات کرکے انہیں ضروری انتطامات کرنے کی ہدایت کی ۔