• news

بھارت نواز بیانیہ کا پرچار کرنے والوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ق) کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ قوم 25 جولائی کو نوازشریف کا بھارت نواز بیانیہ ان کے منہ پر مارے گی، گجرات کے فوجی جوانوں نے بھارت کے خلاف جنگوں میں جرأت و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں، بے پناہ قربانیاں دیں اور تین نشان حیدر لیے، بھارت نواز بیانیہ کا پرچار کرنے والوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں ہوں یا ایوزپشن میں ہم نے گجرات کا نام اونچا رکھا ہے اور اہل گجرات کی عزت بڑھائی ہے، ہمارے پڑھا لکھا پنجاب پروگرام اور تعلیمی اصلاحات سے شرح خواندگی بڑھی، گجرات یونیورسٹی کی وجہ سے گجرات کا شمار انتہائی پڑے لکھے اضلاع میں ہوتا ہے اور خواتین کی شرح خواندگی میں گجرات پہلے نمبر پر ہے۔ نوازشریف جب تک وزیراعظم رہے انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر زندگی تنگ کئے رکھی، جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں انتہائی انسانیت سوز سلوک کیا لیکن وہ شکر کریں کہ آج جیل میں ان کے ساتھ وہ سلوک نہیں ہو رہا جو انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ کیا تھا، ن لیگ ابھی سے گھبرا گئی ہے حالانکہ ان کے قائد نوازشریف کو فی الحال صرف ایک ریفرنس میں سزا ہوئی ہے اور دو ریفرنسز کا فیصلہ آنا باقی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات میں مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا اتحاد مسلم لیگ ن کی سیاسی موت ثابت ہو گا اور گجرات سے ن لیگ کا ہمیشہ کیلئے صفایا ہو جائے گا۔ جلسہ سے این اے 70 سے تحریک انصاف کے امیدوار فیض الحسن شاہ، مسلم لیگ (ق) کے صوبائی امیدوار چودھری عبداللہ یوسف وڑائچ نے بھی خطاب کیا جبکہ غلام رسول شارق سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن