اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس‘ شریک ملزموں کی بریت کیلئے دائر درخواست کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزموں کی بریت کے لئے دائر درخواست کی سماعت 23جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی اس موقع پر ریفرنس میں تینوں نامزد شریک ملزم سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ نیب کی جانب سے اب تک دس گواہوں کو پیش کیا گیا لیکن کسی گواہ کی گواہی سے ثابت نہیں ہوتا کہ سعید احمد، نعیم محموداور منصور رضا جرم میں براہ راست شریک رہے ہوں یا ان کا کردار کہیں نظر نہیں آتا ہو۔