اسلام آباد:سستا بازار میں آتشزدگی‘ 105 سٹال خاکستر‘ 5کروڑ سے زائد کا نقصان
اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارلحکومت کے سستا بازار پشاور موڑ میں ایک سال کے دوران دوسری بار آگ لگنے سے سٹال ہولڈرز کا 5 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے ، سستا بازار ذرائع کے مطابق بدھ کی دوپہر لگنے والی آگ سے ایک سو پانچ سٹال مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے جن میں پرانے کپڑوں کے سٹالز سمیت پردوں اور پرانے جوتوں کے سٹالز شامل ہیں ، بازار کی سیکورٹی پر مامور پرائیوٹ کا زیر تفتیش کیا جائے ،فائر بریگیڈ کی گاڑیاں باہر انتظار کرتی رہی اور گیٹ پر تالے لگے تھے ،میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی)کے زیر اہتمام چلنے والے سستا بازار میں گزشتہ روز لگی آگ پر فائر بریگیڈ ، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان نیوی ،ریسکیو1122راولپنڈی اوردیگرامدادی اداروں نے آگ بجھانے والی گاڑیوں کی مدد سے چار گھنٹے بعد مکمل قابو پا لیا گیا جبکہ ،ملی مسلم لیگ کے کارکنان نے بھی ریسکیوآپریشن میں حصہ لیا۔ تاہم بازار ذرائع کے مطابق اس آگ سے ابتدائی اندازے کے مطابق تقریبا پانچ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔آگ لگنے کی وجہ جنرنیٹر کے پھٹنے کی بتائی گئی ہے جس میں موجود پٹرول سے آگ تیزی سے پھیل گئی ، واضح رہے کہ بازار کے سٹالز کی الاٹمنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک سٹال ہولڈرز کو سامان رکھنے کی اجازت ہے اور ان سٹالز کو گیٹ لگا کر بند کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے تاہم بازار انتظامیہ کی ملی بھگت سے سٹال ہولڈرز ان قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ 23 اگست 2017 کو اسی بازار کے تقریبا اسی مقام پر لگنے والی آگ سے 5 سو سے زائد سٹالز جل جانے سے تقریبا 20 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔ واضح رہے کہ سستا بازار پشاور موڑ عوامی سہولت کے لئے سال 2007 میں سولہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا جس میں 2750 سٹالز ہیں اور یہ بازار ہفتے میں تین دن اتوار، منگل اور جمعہ کو کھولا جاتا ہے۔سٹال ہولڈرز نے نام نہ بتانے پر کہاکہ پچھلے سال کے متاثرین کی ابھی تک کوئی سرکاری امداد نہیں دی گئی،سٹال تک مرمت نہیں کروائے۔