• news

مال روڈ سے بڑے سائن بورڈ ہٹانے کا حکم، خوبصورتی متاثر نہیں ہونے دینگے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے مال روڈ پر قدآور اور مقررہ سائز سے بڑے سائن بورڈ ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے خبردار کیا کہ وہ سائن بورڈز سے تاریخی عمارتوں کی خوبصورتی کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے مال روڈ کی تاریخی عمارتوں پر سائن بورڈز لگانے کیخلاف درخواست پر سماعت کی جس میں ان بورڈ کو آویزاں کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے ناہید گل پیش ہوئیں۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے افسوس کا اظہار کیا کہ مال روڈ پر لوگ سیر کے لئے آتے تھے آج کل تجاوزات کی وجہ سے یہ روایت بھی دم توڑ رہی ہے۔ ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے ناہید گل اور متعلقہ افسروں پر مشتمل ٹیم کا تبادلہ نہ کرنے کا حکم بھی دیا اور حکم دیا کہ مقرر کردہ سائز سے بڑے سائن بورڈ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ہائیکورٹ نے لاہور پارکنگ کمپنی کے سی او کو بھی آج رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن