انتخابات کیلئے رینجرز کیساتھ مشترکہ سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا: آئی جی سندھ
کراچی(صباح نیوز)آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہاکہ عام انتخابات کے موقع پر سندھ پولیس نے رینجرز کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پولنگ والے دن پولیس اور رینجرز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہوگا، اگر کہیں کوئی مسئلہ ہوگا تو دونوں وہاں جلد سے جلد پہنچ کر مسائل حل کرینگے،عام انتخابات کیلئے ایک لاکھ سے زائد پولیس کے جوان اور افسران تعینات کررہے ہیں ۔سعید آباد ٹریننگ سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہاکہ عام انتخابات میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 5700 سے زائد ہے، اسی طرح حساس اور کچھ نارمل پولنگ سٹیشن ہیں۔عام انتخابات کے موقع پر سندھ پولیس نے رینجرز کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی پلان تشکیل دیا جس کے تحت پولنگ والے دن پولیس اور رینجرز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہوگا، اگر کہیں کوئی مسئلہ ہوگا تو دونوں وہاں جلد سے جلد پہنچ کر مسائل حل کریں گے۔79 فیصد فورس فیلڈ فارمیشن،17 فیصد پولیس کے مختلف یونٹس لے کر تعینات کریں گے 4 فیصد کی کمی سندھ حکومت سے لے کر پوری کی جائے گی۔