لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم ٹیبل ٹینس کی انٹر ڈویژ نل چیمپئن بن گئی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جاری لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کے تیسرے روز بھی مقابلے جاری رہے۔ لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم ٹیبل ٹینس کی چیمپئن بن گئی، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے شیخوپور ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 3-1سے شکست دیدی۔ والی بال میں بھی لاہور فاتح رہا اور قصور کو 2-0سے ہرادیا۔ہاکی میں شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو ایک صفر سے شکست دی، شیرالحسن نے واحد گول کیا۔ لاہور نے شیخوپورہ کو 3-0سے مات دی، عبدالقیوم، عبدالمنان اور رانا ارمان نے ایک ایک گول کیا، ریسلنگ میں 63کلوگرام کیٹیگری میں لاہور کے ذیشان نے ننکانہ صاحب کے ماجدعلی، 38کلوگرام میں لاہور کے حسن نے ننکانہ صاحب کے جاوید، 46کلوگرام میں لاہور کے محمد ذیشان نے شہباز، 54کلوگرام میں لاہور کے عمر لطیف نے ننکانہ صاحب کے حسنین اور شیخوپورہ کے محمد قاسم نے قصور کے اعجاز کو شکست دی، لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب آج شام 6بجے ہوگی۔ مہمان خصوصی چیف سیکرٹر ی پنجاب اکبر حسین درانی ہوں گے۔