25 جولائی کو دنیاتحریک لبیک کی سیاسی قوت مانے گی:خادم رضوی
لاہور + بھلوال (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم رضوی نے کہا ہے کہ قوم پرچی کی طاقت سے 25 جولائی کو پاکستانی سیاست کا دھارا بدل دے گی اور تحریک لبیک کے امیدوار بہترین انتخابی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، نظام مصطفی کا نفاذ ہی تمام مشکلات و مسائل کا حل ہے، گزشتہ روز انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے علامہ خادم رضوی نے کہا کہ ملک بھر سے قومی و صوبائی کے 566 امیدوار کھڑے کئے گئے ہیں، جن میں 265 پنجاب اسمبلی کی نشستوں کے لئے میدان میں اتارے گئے، انہوں نے کہا کہ صرف اللہ اوررسولؐکے فضل وکرم سے میدان سیاست میں آئے ہیں اور اپنے زوروبازو پر ایسی کامیابی حاصل کریں گے کہ پاکستانی سیاست کا دھارا بدل جائے گا اور بڑے بڑے سیاسی پنڈت حیران رہ جائیں گے، پوری دنیا تحریک لبیک کی سیاسی قوت مانے گی، عوام ہمارا ساتھ دیں ہم پاکستان کو غربت وافلاس، دہشت گردی اور بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں گے۔ علاوہ ازیں علامہ خادم رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کلمہ کے نام بنا اس وطن میں دین کے ساتھ جو مذاق ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ہم سیاست کے میدان میں جیت کے لئے نہیں اترے بلکہ یہ بتانے کے لئے اترے ہیں کہ اب سیاست پر کسی کی ٹھیکیداری نہیں چلے گی۔ ریلوے سٹیشن چوک میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرین کا نشان اس لئے لیا کیونکہ ہمیں 70سال سے ملک میں ڈالا گیا گند اٹھانا ہے۔ ہمیں ملک میں محمدعربیؐکادین لاناہے۔ اگر ہماری حکومت بنی تو ایک ہفتہ میں عافیہ صدیقی کو وطن واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے کرین کو کامیاب کروانا ہے۔