• news

دشمن قوتوں نے سازشیں تیز کردیں‘ ڈالر مہنگا‘ روپے کی قیمت کم کی جارہی ہے: حافظ سعید

لاہور‘ ڈسکہ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا کہ انتخابات قریب آنے پر ملک دشمن قوتوں نے پاکستان کیخلاف سازشیں تیز کر دیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قیمت مسلسل کم کی جارہی ہے۔ سیاستدان پارٹیاں بدلنے میں مصروف ہیں۔ ملکی مفادات سے کھیلنے والے آج کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ملی مسلم لیگ کے میدان سیاست میں آنے سے مایوسیاں ختم ہورہی ہیں۔ کرسی کے انتخابی نشان پرہمارے امیدواران مضبوط عزم لیکر کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم سیاسی پارٹیوں کے روایتی طرز عمل سے تنگ آچکی ہے ۔کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں کا دور ختم ہورہا ہے ۔ملی مسلم لیگ عوام میں شعور کو بیدار کر کے وطن عزیز پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوںکے تحفظ کیلئے زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبرتحریک کے قومی و صوبائی حلقوں کے نامزد امیدواران کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 72کے امیدوار چوہدری نصراللہ، این اے 76کے چوہدری خلیق الرحمن، پی پی 35کے امیدوار ڈاکٹر احتشام گل، پی پی 36کے ڈاکٹر نعمان نذیر، پی پی 37کے محمد انس چیمہ ،پی پی 43کے سجاد اکبر چیمہ ،پی پی 44کے ملک محمد عمران، پی پی 45کے امیدوار میاں اعجاز، جماعۃالدعوۃ سیالکوٹ کے مسئول رمضان منظور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انتخابی جلسے میں مقامی سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل قافلہ مرے کالج گرائونڈ پہنچاتوشہریوں نے حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کا والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ شرکاء کی جانب سے حافظ محمد سعید اور ملی مسلم لیگ کے حق میں پرجوش نعرے بازی کی گئی۔حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملی مسلم لیگ ایک مشن لیکر آئی ہے اور وہ مشن پاکستان کے تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن اس کے باوجود ملک دشمن ناکام ہوئے اور ہم اللہ اکبر تحریک کے نام سے تین سو کے قریب امیدواروں کو لیکر میدان سیاست میں اترے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیروں نے انہیں غلط مشورے دیے۔ میں نے ہر موقع پر انہیں خط لکھ کر غلطیوں سے آگاہ کیا اور کہاکہ آپ اپنی غلطیوں کا اعتراف کر کے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگ لیں اللہ بھی معاف کر دے گا اور عوام بھی معاف کر دیں گے لیکن مشورے دینے والوںنے انہیں اس طرف نہیں آنے دیا۔ بھارت کشمیر میں بدترین ظلم و دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے اورپاکستان کے پانیوں پر مسلسل ڈیم بنائے جارہے ہیں لیکن پاکستانی سیاستدانوں و حکمرانوںنے اس سلسلہ میں کوئی مضبوط آواز بلند نہیں کی۔ڈسکہ سے نامہ نگار/نمائندہ خصوصی کے مطابق حافظ سعید نے کہا ہے کہ سیاست کو کاروبار سمجھنے والوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے ووٹ خرید کر نمائندے منتخب کیے جاتے ہیں اور منتخب نمائندوں کو امریکا خرید لیتا ہے ستر سال سے جاری اس کھیل کو ختم کرکے سیاست کی سمت درست کریں گے ہمارا انتخابی منشور رسول عربی کی سیاست کو رائج کرنا ہے وطن عزیز مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے قوم کو پاکستان کی نظریاتی اساس پر جمع کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے ان خیا لات کا اظہار انہو ں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہاکہ ہم اس ملک کی خاطر کھڑے ہوئے ہیں یہ ملک اللہ تعالیٰ نے انعام کے طور پر دیا تھالیکن ہم نے اس کی قدر نہیں کی۔آج پاکستان مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ انتخابات میں صادق و امین قیادت کا انتخاب کرکے ملک و قوم کو ترقی دلائیں گے خدمت انسانیت کی بنیاد پر سیاست سے ہی کرپشن کے راستے بند ہوں گے عوام نظریہ پاکستان پر ثابت قدم رہتے ہوئے نظریے سے غداری کرنے والوں کو مسترد کردیں۔

ای پیپر-دی نیشن