پیرمحل: ایف ایس سی کی طالبہ سے اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی، برہنہ تصاویر، جعلی نکاح نامہ بنوا لیا
پیرمحل/ کامونکے/بورے والا (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) ایف ایس سی کی طالبہ اغواء کے بعد اجتماعی زیادتی کا شکار ،ملزمان نے بلیک میل کرنے کیلئے برہنہ تصاویر بنانے کے ساتھ سادہ کاغذات پر انگوٹھے اور دستخط بھی کروا لئے ،قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے جعلی نکاح نامہ عدالت میں پیش کر دیا۔ نواحی گائوں 319گ ب کے مکین محمد شریف کی بیٹی مریم بی بی جوکہ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین پیرمحل میں ایف ایس سی کی طالبہ ہے کو کالج پریکٹیکل دینے جاتے ملزمان اللہ دتہ، محمد فیصل ساکنان 746گ ب ،محمد ظفر سکنہ 743گ ب اور نواز خاں سکنہ 747گ ب نے اسلحہ کے زور پر طالبہ مریم کو اغواء کر لیا اور لاہور لے جا اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ اگلے روز واقعہ کا علم ہونے پر ورثاء نے جب ملزمان سے رجوع کیا تو انہوں نے بذریعہ پنچایت طالبہ کو پیش کر دیا۔ طالبہ نے بتایا کہ ملزمان اسے نہ صرف زیادتی کا نشانہ بناتے رہے بلکہ زبان کھولنے کے خوف سے اس کی برہنہ تصاویر بھی بناتے رہے اور ساتھ باور کرواتے رہے کہ اگر زبان کھولی تو برہنہ تصاویر کو تحصیل پیرمحل میں پھیلا دیا جائے گا۔ مرکزی ملزم اللہ دتہ نے دو ماہ پہلے کا ایک جعلی نکاح نامہ تیار کر کے مریم بی بی کی برآمدگی کی بابت رٹ پٹیشن دائر کر دی۔ بعدازاں طالبہ نے عدالت میں پیش ہو کر جعلی نکاح نامہ کی بابت اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔ تھانہ صدر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغازکر دیا۔ بورے والا میں نواحی گائوں 361ای بی کا رہا ئشی چھ سالہ بچہ محمد شاہد دودھ لے کر اپنے گھر جا رہا تھا کہ ملک شعیب سکنہ 361ای بی اسے زبردستی گائوں میں نصب ٹیوب ویل پر لے گیا اور زیادتی کر ڈالی اور فرار ہو گیا۔ نواحی گائوں 169ای بی کا رہا ئشی نا بالغ بچہ عظمت چشتی اپنے گھر میں موجود تھا کہ عرفان سکنہ 169ای بی زبردستی گھر میں داخل ہو گیا اور عظمت کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گیا۔ کامونکے میں اوباش نوجوان نے بارہ سالہ بچی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز محلہ کوٹ رفیق عبداللہ روڈ کی پروین اختر بی بی کی بارہ سالہ بیٹی کے پیٹ میں اچانک درد ہوئی اور ڈاکٹر کے پاس لیجانے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ حاملہ ہے۔جس پر پروین اختر نے اپنی بیٹی سے پوچھا تو اْس نے سارا واقعہ بتایاکہ دو ماہ قبل وہ رات کو گھر میں اکیلی تھی کہ محلہ کا ماجد حسین گھر میں گھس آیا اور اْسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔