قواعد کی خلاف ورزی، یونیورسٹی آف سرگودھا لاہور کے طلبہ کو رزلٹ کارڈ جاری نہ ہو سکے
لاہور (پ ر) قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے پرائیویٹ سب کیمپس لاہور کے طلباء و طالبات کو رزلٹ کارڈ جاری نہ ہو سکے جس کی وجہ ہزاروں طلباء و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے سب کیمپس لاہور میں خزاں سمسٹر 2018کے لیے انرولمنٹ اور داخلوں پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا نے یونیورسٹی قوانین کی خلاف ورزی اور مالی معاملات کو حل کرنے میں عدم تعاون کی وجہ سے پبلک پرائیویٹ کیمپسزکو حتمی نوٹسزجاری کیے جبکہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے ان معاملات کو حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ واجبات کی ادائیگی کے بعد ہی پرائیویٹ کیمپسز کے طلبہ کو آفیشل ٹرانسکرپٹ جاری ہونا تھیں تاہم گوجرانوالہ سب کیمپس، لائلپور کیمپس فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین کیمپس اور ویمن کیمپس فیصل آباد نے تو اپنے تمام واجبات ادا کر دیے لیکن سب کیمپس لاہور نے ہٹ دھرمی کا مظاہرا کرتے ہوئے تاحال ایک کروڑ سے زائد کے واجبات ادا نہیں کیے ۔