• news

اوپننگ کے ورلڈ ریکارڈ‘ 304 رنز‘ فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان زمبابوین ٹیم کو 244کے ریکارڈ مارجن سے شکست دےدی۔میچ کے ہیرواور پاکستان کے تاریخی ڈبل سنچری میکر فخر زمان رہے جنہوں نے210کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور امام الحق کے ساتھ مل کر کئی ریکارڈ پاش پاش کیے اور مرد میدان قرار پائے گئے۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے ریکارڈ ساز اور پہاڑ جیسے 400رنز کے ہدف کے جواب میں زمبابوے کی کمزور بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور صرف 42.4اوورز میں صرف 155رنز پر ڈھیر ہوگئی ،ٹیم کی جانب سے ڈونلڈ ٹریپانونے 44رنز جبکہ ایلٹن چگمبرا نے 37رنز بنائے جبکہ قومی بولرز کی جانب سے شاداب خان 4، عثمان خان اور فہیم اشرف نے2،2 تاہم جنید خان اور شعیب ملک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی‘پاکستان نے میچ 244رنز سے جیت لیا جو رنز کے اعتبار سے پاکستا ن کی دوسری بڑی فتح ہے ۔ پاکستان نے18اگست 2016ءمیں آئرلینڈ کو255رنز سے ہرایاتھا۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کچھ اور ہی موڈ میں تھے ،پہلے دونوں نے پہلی وکٹ پر 304رنز کی ورلڈ ریکارڈ شراکت قائم کی پھر فخر زمان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ڈبل سنچری جڑ دی۔فخر زمان نے 156گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ریکارڈ 210 رنز بنا ڈالے جبکہ امام الحق نے سنچری سکور کی اور 113رنز بناکر ویلنگٹن ماساکاڈزا کا شکار بنے ۔آصف علی نے جارحانہ22گیندوںپر نصف سنچری بنائی اور ٹیم نے مقررہ اوورز اپنا ریکارڈ بہتر کرتے ہوئے ایک وکٹ پر 399رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دے دیا‘اس سے قبل پاکستان نے 21جون 2010ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف 7وکٹوں پر 385رنز بنائے تھے۔فخر زمان پاکستان کی طرف سے انفرادی سطح پر بڑا سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ،انہوں نے سعید انورکے 194رنز کا ریکارڈ بھی توڑا جو انہوں نے بھارت کے خلاف اسی کی سرزمین پر بنایا تھا۔دوسری وکٹ پر فخر زمان نے آصف علی کے ساتھ مل کر صرف 48گیندوں پر 95رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی ،اس موقع پر آصف علی نے صرف 22گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ فخر زمان ون ڈے میںڈ بل سنچری بنانے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑ ی بن گئے ۔ دونوں اوپنرزنے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 41 اوورز میں 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا اور تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراونڈ میں انگلینڈ کےخلاف جون 2006 میں 286 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ فخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ پر پاکستان کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا محمد حفیظ اور عمران فرحت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا،جو انہوں نے زمبابوے کے ہی خلاف ہرارے میں ستمبر 2011 میں 228 رنز کی شراکت قائم کرکے بنایا تھا۔فخر زمان ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے انہوں نے 148 گیندوں پر 210 رنز بنائے اور یہ اعزاز حاصل کرنے کیلئے 17 اننگز کھیلنا پڑیں ۔ روہت شرما نے ایک ڈبل سنچری 151 گیندیں کھیل کر اور دوسری ڈبل سنچری 156 گیندیں کھیل کر بنائی اور 103 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ویسٹ انڈین بلے باز کر س گیل نے ڈبل سنچری 138 گیندوں پر بنائی مگر اس لمحے کیلئے انہیں 261 اننگز کھیلنا پڑیں۔ وریندر سہواگ نے 234 اننگز کھیلیں اور 140 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی۔ سچن ٹنڈولکر نے 431 اننگز کھیلنے کے بعد 147 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی اور مارٹن گپٹل نے 103 اننگز کھیلنے کے بعد 152 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی۔ ۔ گرین شرٹس کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے پر 0-4 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے ۔ سیریز کاآخری میچ کل اس گراﺅنڈ میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن سوا بارہ بجے شروع ہوگا۔

میچ

ای پیپر-دی نیشن