• news

پنجاب : میٹرک پوزیشن ہولڈرز کا اعلان‘ لاہور میں لڑکوں نے پہلی پوزیشن اڑا لی ‘ گوجرانوالہ میں مقابلہ برابر

لاہور+ گوجرانوالہ (لیڈی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) لاہور بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2018ءکے پوزیشن ہولڈرز کے ناموںکا اعلان کردیا۔ نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن لڑکوں نے اڑا لی تاہم دوسری اور تیسری پوزیشنوںمیں طالبات نے ضرور انٹری ڈالی۔ پوزیشن ہولڈرز میں دانش سکول کے طالبعلم کے علاوہ پرائیویٹ امیدوار بھی شامل ہیں۔ چیئرمین بورڈ چوہدری محمد اسماعیل نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ پنجاب دانش سکول راجن پور کے طالب علم وسیم یٰسین اور رحمانپورہ لاہور کے توصیف افضل نے 1100 میں سے 1091 نمبر لے کر مجموعی طور پرپہلی پوزیشن، وجیہہ اسلم اور محمد ہاشم فیصل 1090 نمبروںکے ساتھ دوسری جبکہ حفصہ سلیم نے 1089نمبروںکے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ بوائز میں وسیم یٰسین اور توصیف افضل 1091نمبروںکے ساتھ پہلے، محمد ہاشم فیصل 1090نمبر حاصل کرکے دوسرے اورحافظ محمد حارث 1088 نمبروںکے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ سائنس گروپ گرلز میں وجیہہ اسلم 1090نمبر پہلی پوزیشن، حفصہ سلیم 1089 دوسری، اریج اور زہرہ شعیب 1088نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ہیومینیٹیز گروپ بوائز میں پرائیویٹ طالبعلم محمد عظیم اخلاص 1034نمبروںکے ساتھ پہلے، پرائیویٹ طالبعلم معین الدین 1026 دوسرے اور ابوبکر آصف1016نمبر لے کر تیسرے نمبر پررہے۔ ہیومینٹیزگروپ گرلز میں عریشہ 1059 نمبرلے کرپہلی، عائشہ مریم 1054 نمبر لے کر دوسری جبکہ ثوبیہ 1045نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میٹرک سالانہ امتحان2018ءکے باقاعدہ نتائج کا اعلان آج21 جولائی کو کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں لاہور بورڈ کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو انعام دینے کی ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید ہونگے۔ چیئرمین لاہور بورڈ چودھری محمد اسماعیل نے بتایا کہ لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے طلبہ وطالبات کی سہولت کے لئے سالانہ امتحان2018ءکا نتیجہ موبائل نمبر سے 80029 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں پہلی پوزیشن ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد کی روہما اسحاق چوہدری اور چناب کالج جھنگ کے محمد عمر نے 1089نمبر لے کر حاصل کی۔ لیبارٹری ہائی سکول زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی حرا اکرام نے 1087نمبر اور چنیوٹ اسلامیہ سکول کینال روڈ کی مروا اصغر 1087 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ ایجوکیٹر سکول الغفور کیمپس کی سمین آصف، اے ڈبلیو گرامر سکول جڑانوالہ کی مناہل فاطمہ اور ڈویژنل پبلک سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ کی عائشہ خالد نے 1086 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ میں رائل جینئس کیمبرج سکول پیپلز کالونی کے طالبعلم محمد حسین شہزاد بٹ نے 1086 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قائد اعظم ڈویژنل سکول کی طالبہ ارفع اکرم1085 نمبرز کے ساتھ دوسری اورمثالی پبلک سکول حافظ آباد کے شعیب احمد اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شکرگڑھ کی سارہ دونوں برابر 1083 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔نتائج کے مطابق بوائز سائنس گروپ میں محمد حسین شہزاد بٹ کی پہلی‘ صہیب احمد کی 1083 نمبرز کے ساتھ دوسری اورقائد اعظم ڈویژنل سکول کے علی افتخار نے 1082 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بہاولپور میں پہلی پوزیشن پر ابوذر سعید رول نمبر803917 نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول چشتیاں سے 1085 نمبر حاصل کئے۔ دوسری پوزیشن عائشہ علی رول نمبر738208نے الہدیٰ گرامر سکول گرلز رحیم یار خان اور رانا محمد ذکاءاللہ شاہد رول نمبر 803689نے چشتیاں سائنس سکول چشتیاں نے1084نمبر حاصل کئے۔ تیسری پوزیشن کیلئے اریبہ ارشاد رول نمبر833393نے شیخ زیدگرلز ہائیر سیکنڈری پبلک سکول رحیم یار خان نے1083نمبر حاصل کئے۔ ضلع سرگودھا کے عمار منیر 1087نمبر لے کر پہلی، امجد بھٹی نے 1086 جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے 3امیدوار 1085نمبر لے کر کامیاب قرار پائے۔ علی حسن، عقیقہ، عزا منیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ساہیوال بورڈ میں پہلی پوزیشن ڈی پی ایس اوکاڑہ کے طالب علم محمد احسن نے 1091نمبر لے کر حاصل کی ۔ دوسری پوزیشن ایجوکیٹرز عارفوالہ کے طالب علم شفیع المحسن نے 1086نمبر لے کر حاصل کی جب کہ تیسری پوزیشن نیو بیکن ہاﺅس پبلک سکول عارفوالہ کی طالبہ آمنہ نعمان نے 1085نمبر لے کر حاصل کی۔
میٹرک/پوزیشن ہولڈرز

ای پیپر-دی نیشن