نوازشریف‘ مریم‘ صفدر کی سزا کیخلاف اپیلوں پر نیب عدالتی معاون مقرر کرے : اسلام ہائیکورٹ
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں فیصلے کے خلاف اپیلوں میں عدالتی معاون مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ اپیلوں کے خلاف دائر درخواستوں کے تحریری فیصلے میں قومی احتساب بیورو ( نیب) کو عدالتی معاونت مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ عدالت کے ابتدائی سماعت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل صفائی کے دلائل کے ساتھ نیب کو بھی سنا جائے گا۔ شریف فیملی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا جولائی کے آخری ہفتے میں دستیاب بنچ کے سامنے کیس سماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور اپیلوں کے والیم تیار کر کے پیش کئے جائیں ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدر کی اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لئے مقرر کی جاتیں ہیں ۔ واضح رہے شریف فیملی کے قانونی مشیر نے عدالت سے استدعا کی کہ اپیلوں پر فیصلے تک شریف فیملی کو رہائی دی جائے جبکہ عدالت نے نیب کا موقف سنے بغیر فیصلہ دینے سے معذرت کرتے ہوئے وکیل صفائی کی استدعا مسترد کر دی تھی ۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ میں شامل جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک کے لئے ملتوی کر دی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ