چمن میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، 4 افراد زخمی، قلات: سانحہ مستونگ کا ماسٹر مائنڈ اور داعش کا صوبائی امیر 2 ساتھیوں سمیت ہلاک
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)بلو چستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کاروائی سانحہ مستونگ کا اہم سہولت کار اور داعش کا صوبائی امیر ہدایت اللہ دو ساتھیوں سمیت سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق جمعہ کو سکیورٹی فورسز نے قلات میں خفیہ اطلاع پر مبنی کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں سانحہ مستونگ کے اہم سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ ہدایت اللہ عرف مفتی کو دو ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا ،ہدایت اللہ کالعدم تنظیم کا بلوچستان میں امیر بھی تھا آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ذرائع کے مطابق ہدایت اللہ کا مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اہم کردار تھا اور اسی نے خودکش حملہ آور کو جائے وقوعہ کی جانب پہنچایا تھا ذرائع کے مطابق سانحہ مستونگ میں ملوث دیگر افراد کی بھی تلاش ہے۔بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ، جس میں چار افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جمعہ کے روزبلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر زور دار دھماکا ہوا جس سے قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں موجود 10 دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکان کے سامنے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں دھماکہ ہوا جو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔پولیس کےمطابق دھماکے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جمعہ کے روز اے این پی کا چمن میں ماڈل ہائی اسکول گراﺅنڈ ہونیوالا جلسہ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے حوالے سے منسوخ کردیا تھا ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کردیا گیا ہے اور اعلیٰ حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکے سے ایک گھنٹہ قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔
ماسٹر مائنڈ/ بم دھماکہ